وزارت تجارت نے گزشتہ مالی سال کے دوران دس بڑے درآمدی ممالک کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش کردی

چین 12 ارب 16 کروڑ ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، متحدہ عرب امارات دوسرے‘ سعودی عرب تیسرے‘ انڈونیشیا چوتھے‘ جاپان پانچویں اور بھارت چھٹے نمبر پر ہے

پیر 21 نومبر 2016 18:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وزارت تجارت نے گزشتہ مالی سال کے دوران دس بڑے ممالک کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے جہاں سے پاکستان نے سب سے زیادہ درآمدات کی ہیں‘ ان میں چین 12 ارب 16 کروڑ ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ متحدہ عرب امارات دوسرے‘ سعودی عرب تیسرے‘ انڈونیشیا چوتھے‘ جاپان پانچویں اور بھارت چھٹے نمبر پر ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں انجینئر خرم دستگیر نے بتایا کہ بھارت سے ہم نے خام کاٹن درآمد کی ہے۔ ٹماٹر‘ کیمیکل انڈسٹری سے متعلقہ اشیاء‘ ٹائر ربڑ‘ چائے‘ ہارن درآمد ہوئے۔ ٹیکسٹائل سیلنگ مشینری درآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ درآمدات چین سے 2015-16ء کے دوران رہیں جن کی مالیت بارہ ارب سولہ کروڑ 53 لاکھ ڈالر رہی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات سے پانچ ارب 49 کروڑ 35 لاکھ ڈالر سعودی عرب سے دو ارب 17کروڑ 58 لاکھ ڈالر‘ انڈونیشیا سے دو ارب 13 کروڑ 63 لاکھ ڈالر۔ جاپان سے ایک ارب 82 کروڑ 56 لاکھ ڈالر۔ بھارت ایک ارب 78 کروڑ 25 لاکھ ڈالر‘ امریکہ ایک ارب 77 کروڑ 76 لاکھ ڈالر۔ کویت ایک ارب 33 کروڑ 79 لاکھ ڈالر۔ جرمنی 93 کروڑ 62 لاکھ ڈالر اور ملائیشیا سے 92 کروڑ 54 لاکھ ڈالر درآمد ہوئیں۔ وزیراعظم کے کاشتکاروں کے لئے اعلان کردہ پیکج کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ انہیں بجلی ارزاں نرخوں پر مل رہی ہے۔