مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن ڈیپارٹمنٹ نے پیف پارٹنر سکولوں کا معائنہ مکمل کرلیا‘طارق محمود

سکول مالکان ہمارے پارٹنر ز ہیں،ہمیں ان کی عزت نفس کا خاص خیال رکھنا ہے ‘منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن

پیر 21 نومبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن ڈیپارٹمنٹ نے پیف پارٹنر سکولوں کی مانیٹرنگ کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے،یہ معائنہ نئے ڈیزائن کردہ مانیٹرنگ ماڈیول کے ذریعے کیاگیا،جس میں فائونڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے 3260،نیو سکول پروگرام کے 2020،ایجوکیشن ووچر سکیم کے 1666اور پبلک سکول سپورٹ پروگرام کے 196پیف پارٹنر سکولوں کا تفصیلی معائنہ شامل ہیں،اس مانیٹرنگ کے دوران پارٹنر سکولوں کی عمارتی انفراسٹرکچر ،طالب علموں کو فراہم کر دہ فرنیچر،روشن اورہوا دار کلاس رومز، پینے کے صاف پانی اور ٹائلٹس کی صفائی کے انتظامات کو مد نظر رکھا گیا،اس کے ساتھ ساتھ پارٹنر سکولوں کو سالانہ بنیادوں پر معیار ترتیب دینے پر غور کیا جارہاہے تاکہ سکولوں کی مناسب اندازمیں مانیٹرنگ کی جاسکے تاکہ پارٹنر سکولز تعلیم کے ساتھ ساتھ سکول انفراسٹرکچر اور پیف معاہدے کے مطابق بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

یہ بات پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے اپنے دفتر میں منعقدہ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرمانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایم ڈی پیف طارق محمود نے کہاکہ مانیٹرنگ کا مقصدخلوص اور احسا س ذمہ داری کے امتزاج کے ساتھ اصلاح احوال ہے ۔ہمارا مقصد پارٹنر سکولوں کی مفت و معیاری تعلیم کی سہولیات کو معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لاچار بچوں تک فراہم کرنے میں رہنمائی کرنا ہے ۔

سکول مالکان ہمارے پارٹنر ز ہیںاس لیے ہمیں ان کی عزت نفس کا خاص خیال رکھنا ہے ۔ہم نے تعمیری جذبہ رکھتے ہوئے پیف پارٹنر سکولوں میں موجود نامکمل سہولیات کی حقیقت پسندانہ نشاندہی کرنا ہے۔ایم ڈی پیف نے پیف پروگرام کے سربراہا ن کو تبادلہ خیالات کے اصول کو اختیار کرنے کی ہدایت کی ،اس سے نت نئی جہتیں واضح طور پرکھل کر سامنے آجاتی ہیں اور کسی بھی کام کو خوش اسلوبی سے سر انجام دینے میں آسانی ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :