نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے پی ایم ڈی سی کی داخلہ پالیسی کے مطابق ہی ہوں گے ‘نجم احمد شاہ

صوبائی داخلہ کمیٹی چند نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے والدین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی مذمت کرتی ہے ‘ سیکرٹری ہیلتھ کی پریس کانفرنس

پیر 21 نومبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی داخلہ پالیسی کے مطابق شفاف میرٹ پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام ہی ہوں گے ، اس سلسلہ میں چند نجی میڈیکل اینڈڈینٹل کاجز کی جانب سے رولز ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر صوبائی ایڈمشن کمیٹی کو بھی تحریری طو رپر آگاہ کر رہی ہے تاکہ ایسے تعلیمی اداروں کے خلاف ایکشن لیا جا سکے ۔

انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں نجی میڈیکل کالجز اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے بارے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نمائندے ڈاکٹر عامر بندیشہ اور پرو وائس چانسلر UHS پروفیسر جنید سرفراز خان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

نجم احمد شاہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے حوالے سے صوبائی داخلہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ممبران نے شرکت کی اور اس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی داخلہ پالیسی 2016 ء پر عملدرآمد اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں شفاف میرٹ پر داخلوں کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صوبائی داخلہ کمیٹی نے ان چند میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی بھر پور مذمت کی ہے جو طلباء اور والدین کو اس حوالے سے گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہیں اور میرٹ کی دھجیان بکھیر رہے ہیں اور میڈیکل پروفیشن کو بدنام کر رہے ہیں ۔ داخلہ کمیٹی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بھی اس بارے میں اپنی سفارشات ارسال کر رہی ہے تاکہ ایسے کالجز اور اشخاص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ کے بینچ نے 11 نومبر کو حکم امتنائی جاری کیا تاہم عدالت نے 18 نومبر کو اپنے حکم میں ترمیم کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ یہ حکم امتنائی 11نومبرسے خارج کیا جاتا ہے او راس کا اطلاق صرف SAT II امتحان دینے والے طلبہ پر ہو گا ۔ پرو وائس چانسلر UHS نے بتایا کہ یو ایچ ایس میں صوبائی داخلہ کمیٹی کے زیر نگرانی اب تک 6544 طلبا و طالبات پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے لئے فارم جمع کروا چکے ہیں اور اس دوران جو طلبا و طالبات داخلہ فارم جمع کرانے سے محروم رہ گئے تھے ان کے لئے 21 اور 22 نومبر (دو دن ) کی توسیع کی گئی ہے تاکہ وہ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں ڈاکٹر عامر بندیشہ نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی کی کونسل کا 146 واں اجلاس 19 نومبر کو اسلام آباد کو منعقد ہوا جس میں حکومت پنجاب کی جانب سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے حوالے سے اقدامات کو سراہا گیا اور اس حوالے سے پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل یونیورسٹیز / کالجز پر یہ بات واضح کر دی ہے کہ میرٹ سے ہٹ کر ہونے والے داخلوں کو کسی طو رپر قبول نہیں کیا جائے گا او ران کی رجسٹریشن UHS اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نہیں کرے گی ۔

علاوہ ازیں صوبائی داخلہ کمیٹی نے والدین سے کہا ہے کہ وہ پرائیویٹ میڈیکل / ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے حوالے سے کسی بھی نجی کالج سے رابطہ نہ کریں بلکہ سنٹرل داخلہ پالیسی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہونے والے داخلوں کے لئے یو ایس ایس ، نشتر میڈیکل کالج ملتان اور راولپنڈی میڈیکل کالج راولپنڈی میں داخلہ فارم جمع کرائیں یہ داخلہ فارم یو ایچ ایس کی ویب سائیٹ www.uhs.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے ۔ پروفیسر جنید سرفراز خان نے بتایا کہ UHSکی جانب سے نجی میڈیکل کالجز میں داخلے کی میرٹ لسٹ یکم دسمبر کو آویزاں کر دی جائے گی او رداخلے میرٹ کے مطابق ہوں گے ۔