عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پی آئی اے کا 11 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان

پیر 21 نومبر 2016 18:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) پی آئی اے نے عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رواں ماہ 11 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پروازیں 21 نومبر سی30 نومبر کے درمیان کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سے روانہ ہوں گی۔ یہ اقدام ایئرلائن کے شعبہ مارکیٹنگ کی جانب سے عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ عمرہ سیزن کے دوران مزید اضافی پروازیں چلانے کیلئے سعودی سول ایوی ایشن سے اجازت بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نومبر کے آغاز سے جدہ کیلئے 4 ہفتہ وار اضافی شیڈول پروازیں بھی شروع کر چکی ہے جس سے جدہ کیلئے ہفتہ وار معمول کی پروازوں کی تعداد 21 سے بڑھ کر 25 ہو گئی ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی قومی ائر لائن کی اولین ترجیح ہے۔