ضلع استور میں چہلم حضرت امام حسین نہایت مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا گیا

پیر 21 نومبر 2016 16:00

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ضلع استور میں چہلم حضرت امام حسین نہایت مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا گیا ۔اس سلسلے میں سب سے بڑا ماتمی جلوس امام بارگاہ انجمن امامیہ سے صبح 9بجے برآمد ہوا، اس کے علاوہ ضلع استور کے مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس ماتمی جلوس کے راستے امامیہ امام بارگاہ کے جلوس میں شامل ہوتے گئے ،ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے عید گاہ پولو گرائونڈ میں پہنچاجہاں مولانا عاشق حسین نے نماز ظہرین پڑھائی ۔

ماتمی جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عاشق حسین نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین کی شہادت تاریخ میں حق و باطل کا معرکہ ہے ،خلفائے راشدین و اہل بیت کی تعلیمات امن و اتحاد کی ضامن اور ظلم کے خلاف بیداری کا مظہر ہے ،امام عالی مقام حضرت امام حسین نے اسلام کی سر بلندی کے لئے قربانی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین نے حق و صداقت اوراسلام کی سربلندی کے لئیپورے خاندان کو قربان کر کے شجاعت و بہادری کی زندہ مثال قائم کر دی، رہتی دنیا تک شہداء کربلا کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خلفائے راشدین اور اہل بیت کی تعلیمات سے راہنمائی حاصل کرنا ہو گی ۔ماتمی جلوس کے شرکاء سے مولانا حسن علی ،مولانا حفاظت علی ،مولانا منظور حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،پولیس فورس کے علاوہ پاک آرمی کے جوان بھی جلوس کے دوران ہائی الرٹ رہے جبکہ استور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی اور جلوس پر امن طور پر اختتام پزیر ہو گیا۔