حکومت پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گی‘ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ

پیر 21 نومبر 2016 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گی‘ پاکستان تحریک انصاف کی بہتری عدالتی فیصلے کا انتظار کرنے میں ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کسی بھی پارٹی کے حق میں آ سکتا ہے لیکن اگر فیصلہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف آیا تو پہلے کی طرح وہ اس کو بھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاناما پیپرز کا مسئلہ عدالت میں ہے اس لیے میڈیا میں اس پر بحث نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز لیکس کے فوراً بعد وزیراعظم نے سپریم کورٹ کو معاملے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ پارلیمنٹ ہی معاملات پر بات چیت کرنے کا صحیح فورم ہے اور تحریک انصاف کو چاہیئے کہ وہ عامی آدمی کو درپیش مسائل کے حوالے سے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرے۔

وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے جس کا ثبوت آزاد کشمیر‘ گلگلت بلتستان کے عام انتخابات ‘ مقامی حکومتوں کے انتخابات‘ کنٹونمنٹ انتخابات اور ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی واضح کامیابی ہے۔