اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق کے اداروں کے سربراہان پر مشتمل 8 ویں اسلامی کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس کے شرکاء کی پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں ایچ ای سی کی کامیابیوں کی تعریف

اتوار 20 نومبر 2016 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق کے اداروں کے سربراہان پر مشتمل 8 ویں اسلامی کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔ اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

جس میں دنیا کے مسلم ممالک کے وزراء تعلیم اور ماہرین تعلیم شریک ہیں۔ کانفرنس کا اہتمام اسلامک ایجوکیشن، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (آئیسیسکو) نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور مالین ہائیر ایجوکیشن اینڈ سائنٹفک ریسرچ منسٹری نے جمہوریہ مالی کے دارالحکومت بماکو میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے مالی کے صدر ابراہیم ابوبکر کیتا نے خطاب کیا اور او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل محمد نعیم خان بھی شریک ہوئے۔

سیشن کے بعد گول میز کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا موضوع اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق کے فروغ کیلئے جدید ٹیکنالوجی تھا جس میں رکن ممالک کے متعدد وزراء اور مندوبین نے شرکت کی۔ گول میز کانفرنس کی صدارت آئیسیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز عثمان التواجری کر رہے تھے جبکہ میزبانی ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آئیسیسکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود نے کی۔

گول میز کانفرنس میں اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے سے متعلق ایک دوسرے کے تجربات کا تبادلہ کیا گیا اور رکن ممالک کے مابین کلائوڈ ٹیکنالوجی کے اطلاق کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آن لائن کورسز کی جدت کو اختیار کرتے ہوئے رکن ممالک کے مابین اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

8 ویں اسلامی کانفرنس کے بماکو اعلامیہ میں رکن ممالک میں سائنس و تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے صنعتی شعبہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور مشترکہ اداروںاور نیٹ ورکس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے وزراء کی آئندہ اسلامک کانفرنس پاکستان میں منعقد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :