پشاور، زیر تعمیر پشاور چڑیا گھر اور دیگر تفریحی پارکوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی متعلقہ حکام کو ہدایت

اتوار 20 نومبر 2016 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ زیر تعمیر پشاور چڑیا گھر میں چرند و پرند کے پنجروں ، سدا بہار پودوں ، بٹر فلائی پارک اور دیگر تفریحی پارکوں کا کام عالمی معیار کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ اسے شہریوں اور سیاحوںکے لئے جلد از جلدکھولا جا سکے انہوں نے کہا کہ اس چڑیا گھر میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر لوگوں کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے چڑیا گھر کے زیر تعمیر منصوبوں کے معائنے کے دوران متعلقہ حکام سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں اولین چڑیا گھر کے قیام سے شہر کی خوبصورتی اور اہمیت میں اضافہ ہو گا جس کا رقبہ اور تنوع لاہور کے چڑیا گھر سے بھی زیادہ اور بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک کی وہاںآمد پر انہیں منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی انہیں بتایا گیا کہ چڑیا گھرکے وسیع رقبے پر زمین کے حصول ، نکاسی اور اضافی فنڈز کے بندوبست سمیت تمام اقدامات مقامی ضلعی انتظامیہ بطریق احسن انجام دے رہی ہے انہیں مزید بتایا گیا کہ چڑیا گھر کے تمام حصوں کو بجلی کی فراہمی اور دیگر لوازمات تیز ی سے پایہ تکمیل تک پہنچائی جار رہی ہیں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ اورمحکمہ ماحولیات و ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ نے کام پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے یہ بھی ہدایت کی کہ عوامی اہمیت کا حامل یہ منصوبہ ممکنہ حد تک جلد ازجلد مکمل ہونا چاہیے ۔ انہو ںنے چڑیا گھر کے وسیع رقبے پر نکاسی کا نظام ہر لحاظ سے جامع بنانے اور تیز ی سے مکمل کرنے جبکہ بجلی کی ٹرانسمشن لائن جلد بچھانے اور پورے چڑیا گھر کے لئے بجلی کی بحالی کے ضمن میں واپڈا حکام سے فوری رابطے کی ہدایت کی ۔

پرویز خٹک نے چڑیا گھر میں موجودہ اور اضافی سہولیات کے لئے درکار 20کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی فراہمی کا یقین دلایا انہو ںنے ضلعی انتظامیہ کو چڑیا گھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔انہو ںنے امید ظاہر کی کہ چڑیا گھر کو ہر لحاظ سے ماحول دوست بنایا جائے گا ، اس میں سدا بہار پودے اور جنگلات اگائے جائیں گے اور جانوروں و انسانوں کے مابین مانوسیت کا ماحول قائم کیا جائے گا ۔

حکام نے بتایا کہ چڑیا گھر 23ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا جس میں اندرون و بیرون اضافی سائیکلنگ ٹریکس کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اہل پشاور کے لئے تفریح کی مناسب سہولیات کی فراہمی چاہتی ہے تاکہ یہ قومی سطح پرباعث کشش بنے ۔انہوںنے ہدایت کی کہ چڑیا گھر میں عالمی معیار کے مطابق تفریح اور سیاحت کے تمام لوازمات دستیاب ہونے چاہئیں ۔وزیر اعلیٰ چڑیا گھر کے مختلف حصوں اور شعبوں میں بھی گئے اور ہر مقام پر بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ چڑیا گھر ہر لحاظ سے اہل پشاور کے لئے باعث فخر ہونا چاہیے