بھارتی فورسز کے ہاتھوں4بچوں کی شہادت کی دستاویزات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو حوالہ کرد ی گئی ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی بحری آبدوز اور ڈرون طیارہ مار گرائے جانے سے متعلق بھی مبصرین کو آگاہ کیا گیا ترجمان دفتر خارجہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 20 نومبر 2016 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں4بچوں کی شہادت کی دستاویزات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو حوالہ کرد ی گئی ہیں ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کوئی پہلی بار نہیں ہر سال لائن آف کنٹرول پر بھارت بلا اشتعال کارروائیں کرتا رہتا ہے ۔

ایل او سی کی خلاف ورزی کے پیچھے خواہ مخواہ کچھ نہ کچھ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز کی جانب سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں4بچوں کی شہادت کے حوالے سے دستاویزات عسکری حکام نے اقوام متحدہ مبصرین کو حوالہ کرد ی ہیں ۔گزشتہ روز یو این کے مبصرین کو یہ دستاویزات گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ان کی اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کے دوران حوالے کی گئیں۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں بحری آبدوز بھیجنے اور بھارتی ڈرون طیارہ مار گرائے جانے سے متعلق بھی اقوام متحدہ مبصرین کو آگاہ کیا گیا اور اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر مسلسل فائر بندی کی خلاف ورزی پر اقوام عالم کو پریشانی ہونی چاہئے،ہم نے اپنی فورسز کو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا کہہ رکھا ہے اور ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

بھارتی فورسز کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں،عالمی برادری کو سوچنا چاہئے کہ بھارت کی جانب سے بلااشتعال ایسی کارروائیاں درست نہیں ہیں اور اس کا نوٹس لینا چاہئی۔۔۔(ولی)