انسداد منشیات فورس نے 2016ء کے دوران 424 مقدمات بنائے ، 42 ملزمان بری ہوئے ، 382 کو سزائیں ہوئیں

اتوار 20 نومبر 2016 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) انسداد منشیات فورس نے 2016ء کے دوران 424 مقدمات بنائے جن میں سے 42 ملزمان بری ہوئے اور 382 کو سزائیں ہوئیں اور مقدمات کی کامیابی کی شرح 90 فیصد رہی۔ اس دوران 4 سزائے موت اور 81 عمر قید کی سزائوں کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ انسداد منشیات فورس کے ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ رواں سال اے این ایف نے 839.7 ملین روپے کے اثاثے منجمد کئے۔

ذرائع نے بتایا کہ 547 نئے افراد بھرتی ہوئے جن کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنائے گئے جبکہ ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر جدید باڈی سکینرز نصب کئے گئے اور اے این ایف کے کینائن اینڈ بریڈنگ سینٹر نے 44 نئے کتے فورس کو فراہم کئے۔ رواں سال کے دوران اے این ایف ملک بھر میں ڈیمانڈ ایکٹویٹی ریڈکشن کیلئے 280 کی سرگرمیاں منعقد کرائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ علاوہ ازیں اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ میں موجود 145 بستروں پر مشتمل ڈرگ ٹریٹمنٹ سہولیات کو وسعت دی جا رہی ہے اور کراچی، سکھر اور پشاور میں م زید 173 بیڈ پر مشتمل سہولیات بڑھائی جا رہی ہیں۔ اے این ایف تمام سینٹرل جیل خانہ جات اور صوبائی دارالحکومتوں میں ڈرگ ٹریٹمنٹ سہولیات کی منظوری کی بھی منتظر ہے۔ اے این ایف نے 13 ہزار منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں اور اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 1997 منشیات کے عادی قیدیوں کا علاج کرایا۔

اے این ایف سندھ نے 20میٹرک ٹن منشیات تلف کیں اور اے این ایف بلوچستان نے 252 من منشیات نذر آتش کیں۔ اے این ایف راولپنڈی کی منشیات جلانے کی تقریب آئندہ ماہ ہو گی جبکہ لاہور میں 30 میٹرک ٹن منشیات تلف کرنے کیلئے گذشتہ دنوں ایک تقریب ہوئی ہے۔ دریں اثناء ملک گیر مہم میں اے این ایف نے 9.5 میٹرک ٹن منشیات برآمد کیں اور 10 افراد کو گرفتار کیا۔

متعلقہ عنوان :