Live Updates

پانامہ لیکس پر ثبوت نہ ہونے عمران خان لندن بھاگ گئے اور حامد خان الگ ہو گئے،جنرل راحیل شریف کو ان کی ملک وقوم کی خاطر بہترین کارکردگی پر توسیع ضرور ملنی چاہیے

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر چوہدری جعفر اقبال گجر کا ملتان میں استحکام پاکستان یوتھ کنونشن سے خطاب

اتوار 20 نومبر 2016 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر چوہدری جعفر اقبال گجر نے کہا ہے کہ ا مریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ اور ان کی اسٹیبلشمنٹ نے پالیسیاں نہ بدلیں تو ٹرمپ اور شدت پسند نریندر مودی دنیا کے لئے خطرناک ثابت ہوں گے ۔پانامہ لیکس پر ثبوت نہ ہونے عمران خان لندن بھاگ گئے اور حامد خان الگ ہو گئے ۔

جنرل راحیل شریف کو ان کی ملک وقوم کی خاطر بہترین کارکردگی پر توسیع ضرور ملنی چاہیے۔ گوجر یو تھ فورم کا ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے کردار لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ٹی ہائوس نزدکلمہ چوک پر گوجر یوتھ فورم کے زیراہتمام استحکام پاکستان کنونشن کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا جبکہ تقریب کی صدارت گو جر یوتھ فورم کے ضلعی جنرل سیکریٹری چوہدری زاہد حمید گجر نے کی اور اس موقع پر گوجر یوتھ فورم کے مرکزی چیئرمین چوہدری عبد الحمید گجر، ایم این اے سید جاوید علی شاہ، ایم پی اے خالد محمودچوہان، سابق صوبائی وزیرحافظ اقبال خاکوانی ، چوہدری اصغر علی گجر، چوہدری ارشد گجر،چوہدری امجد گجر، چوہدری طارق گجر، چوہدری دائود گجر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری جعفر اقبال گجر نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کا خاندان عدالت عظمی میں پیش ہو گئے ۔اب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے انشاء اللہ وزیراعظم اور ان کا خاندان سر خرو ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی بچے ہیں لیکن وہ جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں ان کی اپنی پارٹی کے لئے بہتر نہیں ہیں۔ تاہم انہیں ابھی سیاست میں آنے میں بہت وقت لگے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سی پیک منصوبے کے خلاف ہے یہی وجہ ہے کہ وہ بار بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج ان کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے بلکہ پاکستان میں بھی اسلام و پاکستان دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کامیابی سے جا ری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام نہیں ہے وہ کنٹرول لائن سمیت کشمیر کے معاملے پر بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اقتصادی فیصلے کر رہا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات