مہاجر اپنے اندر اتحاد پیدا کریں،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

اتوار 20 نومبر 2016 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر اپنے اندر اتحاد پیدا کریں ، آنے والے انتخابات میں مہاجروں کو مہاجر قومیت کیلئے اپنا ووٹ استعمال کرنا ہے۔ چند عناصر کی غلط پالیسیوں سے مہاجر قومیت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مہاجر پہلے بھی منظم تھے اور اب بھی منظم ہیں ۔

ہم وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے مہاجر حقوق کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مہاجر دشمن کردار ادا کرتی آئی ہے۔ ایک مرتبہ پھر صوبائی ملازمتوں اور تعلیم میں مہاجروں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ جس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس سے پہلے بھی پیپلزپارٹی کی حکومت مہاجروں کو دیوارسے لگاتی رہی ہے ۔ سندھ کے مختلف محکموں میں مہاجر ملازمین کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

پہلے تو پیپلزپارٹی کے حکمرانوں نے کوٹہ سسٹم لگاکر مہاجروں کا استحصال کیا ، اب اس کوٹہ سسٹم پر بھی عمل نہیں ہورہا ، کوٹہ سسٹم کے مطابق مہاجروں کا ملازمت اور تعلیم میں 40فیصد کوٹہ بنتا ہے، لیکن اس وقت مہاجروں کو ملازمت میں پانچ فیصد کا کوٹہ بھی نہیں دیا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ مسلسل کی جانے والی زیادتیوں اور مظالم نے مہاجر قومیت کو کندن بنادیا ہے اور اب مہاجروں نے یہ طے کرلیا ہے کہ وہ نہ تو کسی سیاسی جماعت اور نہ ہی کسی مذہبی جماعت کو ووٹ دیں گے اور یہ صرف اور صرف مہاجر حقوق کی جدوجہد کرنے والوں کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

متعلقہ عنوان :