خصوصی یونٹ اینٹی سیل فون کرائم یونٹ نے موبائل فون چھیننے والے اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف کریک ڈائون کا آغا ز کردیا ہے

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 20 نومبر 2016 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ سی آئی اے کے خصوصی یونٹ اینٹی سیل فون کرائم یونٹ (ACCU)نے موبائل فون چھیننے والے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈائون کا آغا ز کردیا ہے ،اس سلسلے میں ایکشن پلان پر عملدر آمد شروع کردیا گیا ہے اور خصوصی ٹیموں کو ایکشن پلان پر عملدرآمد اور بھرپور موثر کارروائی کے ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔

وہ اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ اینٹی سیل فون کرائم یونٹ (ACCU)سی پی ایل سی (CPLC)کی تیکنیکی مدد سے چھینے گئے موبائل فونز کے ڈیٹا کے ذریعے ملزمان کا کھوج لگائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اب اسٹریٹ کرمنلز بچ نہیں سکیں گے ۔

(جاری ہے)

اسٹریٹ کرمنلز کی گردن مروڑ نے کا وقت آگیا ہے ۔ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ موبائل فونز چھیننے والے ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لئے سم نکال لیتے ہیں اور موبائل فونز سیٹ میں سیل فون دکاندارسہولت کاروں کی مدد سے IMEIنمبر کی تبدیلی کرنے کی جو بھی کوشش کرلیں ،اسٹریٹ کرمنل گینگ اور ایسے سیل فون ملزمان کے سہولت کار گرفتاری سے بچ نہیں سکیں گے ۔

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ جدید خطوط پر موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں پر قابو پایا جائے گا،انہوں نے کہاکہ ایسے خفیہ پلان بھی مرتب کئے جارہے ہیں کہ ملزمان اور سہولت کار خواہ کوئی بھی طریقہ اپنا لیں پولیس انہیں ڈھونڈ نکالے گی اور کراچی کے شہریوں کو اسٹریٹ کرمنلز سے نجات دلاکر پولیس سرخرو ہوگی۔

متعلقہ عنوان :