پی این سی اے میں احمد ندیم قاسمی کے 100ویں یوم پیدائش کو منانے کیلئے خصوصی تقریب

اتوار 20 نومبر 2016 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی ای) نے ممتاز شاعر، ادیب، مصنف احمد ندیم قاسمی (مرحوم) کے 100ویں یوم پیدائش کو منانے کیلئے اتوار کو ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ملک کے شہرہ آفاق شعراء، دانشوروں اور لکھاریوں جن میں پروفیسر فتح محمد ملک، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے سید جمال شاہ، ساجدہ جعفر اور پاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے پی این سی اے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا اور احمد ندیم قاسمی کی زندگی کے مختلف پہلوئوں اور شعر و ادب و نشر کیلئے ان کے تخلیقی کام پر روشنی ڈالی۔

قبل ازیں پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل سید جمال شاہ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کونسل ایسی ممتاز ادبی شخصیات کے اعزاز میں مستقبل میں بھی تقریبات کا انعقاد کرے گی تاکہ نئی نسل کے مصنفین، شعراء اور ادیبوں کو ان شخصیات کی زندگی کے حالات اور ان کے تخلیقی کام سے روشناس کرایا جا سکے۔

(جاری ہے)

احمد ندیم قاسمی نے 1935ء میں پنجاب یونیورسٹی سے گریجوایشن کے بعد لکھنا شروع کر دیا تھا، انہوں نے 4 ہزار سے زائد کتب کی تصنیف کی، انہوں نے نقوش، امروز، پھول، تہذیب، نسواں، ادب لطیف، سویرا اور فنون کی ایڈیٹنگ کی اور کئی برس تک یہ فریضہ بھی انجام دیتے رہے۔

بطور شاعر، ادیب، صحافی اور قلم کار کے احمد ندیم قاسمی نے پروگریسیو رائٹرز موومنٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور تنظیم کے سیکرٹری اور صدر کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہے۔