مارک زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کیلئے نیا منصوبہ تیار کرلیا

اتوار 20 نومبر 2016 15:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ کے بانی مارک زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کرلیا،انکا کہنا ہے کہ نئی منصوبہ سازی سے کسی حد اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔حال ہی میں فیس بک پر غلط خبروں کے معاملے پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا تھا جب بعض صارفین نے کہا کہ فیس بک پر پھیلنے والی غلط خبریں امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثرا انداز ہوئی ہیں۔

جعلی خبروں پر روک تھام کے لیے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے غلط خبروں کو سنجیدگی سے لینے اور ان کی اچھی طرح سے جانچ اور تصدیق کرنے پر زور دیا ہے۔فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ 'ہم اس مسئلے پر کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

'لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ 'یہ مسائل فلسفیانہ اور تکنیکی دونوں نقطہ نظر سے کافی پیچیدہ ہیں۔

'ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرح کی رائے کے شیئر کرنے کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی سچ کا ثالث بننا چاہتے ہیں۔مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک غلط خبروں کی بیخ کنی کے لیے فی الحال، بشمول اچھی طرح سے پتہ لگانے اور تصدیق کرنے سمیت، ایسی سات تجاویز پر بڑی محنت سے کام کر رہا ہے۔اس کے تحت غلط خبروں پر جعلی مواد کا وارننگ لیبل بھی لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس سے قبل زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا تھا کہ ان کی نظر میں 99 فیصد مواد صحیح تھا۔فیس بک نے ان الزامات کو بھی مسترد کر دیا تھا کہ ان کے پلیٹ فارم کے ذریعے صدارتی انتخاب سے قبل جعلی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اس تنقید کا بھرپور دفاع کیا تھا کہ فیس بک پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں سے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں مدد ملی تھی۔انھوں نے امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں کردار ادا کرنے کی بھی تردید کی تھی۔لیکن کمپنی نے اس بات کی چھان بین کا آغاز کر دیا تھا کہ کیسے فیس بک پر جعلی خبریں پھیلیں۔

متعلقہ عنوان :