آزادجموں و کشمیر یونی ورسٹی کا چینی زبان کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 20 نومبر 2016 15:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء)آزادجموں و کشمیر یونی ورسٹی نے چینی زبان کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا،سی پیک،نیلم و جہلم ہائیڈرو پاور اور کوہالہ پراجیکٹ کی شروعات سے بے روزگار نوجوانوں کی قسمت کھلنے کا امکان ،جامعہ کشمیر نے داخلوں کا باقاعدہ شیڈول بھی جاری کر دیا ، چینی،اور انگریزی زبان کا کورس تین ماہ پر مشتمل ہو گا جب کی فیس 8ہزار روپے ہو گی جب کہ IELTSکورس 45روز پر مشتمل ہو گا جس کی فیس 10ہزار روپے مقرر ہے ،داخلہ کے خواہش مند حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2دسمبر تک ان کورسز میں داخلہ کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں ،جب کہ کلاسز کا باقاعدہ آغاز 5دسمبر ہو گا وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمدکا کہنا ہے کہ جامعہ کشمیر میں انگریزی اور باالخصوص چینی زبان کے کورس سے نوجوانوں پر روزگار کے دروازے کھلیں گے ،کیوں کہ اس وقت سی پیک،نیلم وجہلم اور کوہالہ پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں میں افرادی قوت کی بہت ضرورت پڑے گی اور زبانوں پر عبور سے ہی نوجوان اپنا مستقبل محفوظ بنا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر مستقبل میں مزید شعبہ جات کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے، معیار تعلیم کی بہتری اور آزاد کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو دنیا بھر کے اندر بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ،انہو ں نے مزید کہا کہ جامعہ کشمیر کے پا س اس وقت بہترین فیکلٹی میسر ہے، انشاء اللہ چینی اور انگریزی زبانوں میں داخلہ لینے والے طلبہ مستقبل میں جامعہ کشمیر ،آزاد کشمیر اور پاکستان کے بھی بہترین سفیر ثابت ہوں گے۔