شریف خاندان نے اربوں روپے مالیت کے لندن فلیٹس پر اپنی ملکیت تسلیم کر لی، اعتزاز احسن

ثبوت حامد خان نے نہیں بلکہ شریف خاندان نے پیش کرنا ہیں۔میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 نومبر 2016 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اربوں روپے مالیت کے لندن فلیٹس پر اپنی ملکیت تسلیم کر لی۔ ثبوت حامد خان نے نہیں بلکہ شریف خاندان نے پیش کرنا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا جہانگیر بدر ایک بہادر انسان تھے۔

سیاسی میدان میں ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ مارشل لاء کے خلاف جہانگیر بدر کا کردار ناقابل فرموش ہے۔ انہوں نے کہا جہانگیر بدر سکیورٹی گارڈ بھی نہیں رکھتے تھے۔ پاکستان کو ایسے ہی لیڈرز کی ضرورت ہے جو بغیر محافظوں کے عوام میں گھل مل سکے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا پاناما کیس پر پی ٹی آئی نے رابطہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اگر انہوں نے مشورہ مانگا تو ضرور دوں گا۔

حامد خان اچھے اور تجربہ کار وکیل ہیں۔ اعتزا زاحسن نے مزید کہا شریف خاندان نے لندن میں اربوں روپے کی جائیداد کا اعتراف کر لیا۔ ثبوت حامد خان نے نہیں شریف خاندان نے پیش کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا پیسہ لندن کیسے پہنچا وہ قطر سے گیایا پانامہ سے پہنچا حکمران وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب نئی نئی باتیں بناتے جا رہے ہیں۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا قطری شہزادے کے عدالت میں آنے تک اس کا خط ردی ہے۔

قطری شہزادہ کہتا ہے میاں شریف نے سٹیل ملز نہیں رئیل اسٹیٹ میں پیسہ لگایا۔ اعتزاز احسن نے کہا جوپیمانہ یوسف رضا گیلانی کے لیے تھا وہی نوازشریف پر لاگو ہونا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی بھی پیش ہوا تھا‘ نواز شریف اور انکے بچے بھی پیش ہونگے۔نواز شریف کو 1998ء میں سپریم کورٹ طلب کیا گیا تو دوسرے دن انہوں نے حملہ کرا دیا۔ میری رائے میں نواز شریف کے پاس کوئی راہ فرار نہیں۔

ان کے باغوں میں پتوں کی طرح تو پیسے نہیں اگے۔ پھر کہتے ہیں 1999ء میں مشرف نے ہمیں زیرو کر دیا۔ حسین نواز خود کہتے ہیں ہم بغیر پیسے لیے باہر آئے۔ اعتزاز احسن نے کہا پیپلز پارٹی اپنے مطالبات کو تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں چلنے والی تحریک سے یو ٹرن نہیں لے گی اور تحریک ضرور چلے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے جو بل ہم نے پیش کیا ہے اس کی بنیاد پر انکوائری ہو۔