انقلابی اصلاحات نے محکمہ امداد باہمی میں نئی روح ڈال کر اسے مزید مستحکم و متحرک بنادیا،رجسٹرار کوآرپریٹو

اتوار 20 نومبر 2016 13:40

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے کوآپریٹو سسٹم کو جدید خطوط پر استوار رکھنے کے لئے دور رس نتائج کی حامل انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کی بدولت محکمہ امداد باہمی میں نئی روح ڈال کر اسے مزید مستحکم و متحرک بنا دیا گیا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جا سکیں ، یہ بات رجسٹرار کوآرپریٹو پنجاب مرزامحمود الحسن نے کوآپریٹو آفس میں ڈویژن کے افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی۔

ڈی او کوآپریٹو فیصل آباد جمیل گھٹوالہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں امداد باہمی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ کاروباری لوگوں کو اس جانب راغب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمانہ امور میں تساہل پسندی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور محکمہ میں اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں غفلت ولاپرواہی کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے افسران اور سٹاف کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اب ان کی ذمہ داری ہے کہ امدادی باہمی پروگرام کی ترویج و ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈالیں۔رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب نے امداد باہمی کے مقامی دفتر میں مسجد کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور غلہ منڈی اورسمن آباد میں قائم کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

قبل ازیں رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب نے کوآپریٹو ٹریننگ کالج سرگودھا روڈ کا بھی دور کیا اور وہاں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کمیٹی روم ‘ آڈیٹوریم ‘ لیڈیز ٹریننگ سنٹر اور ہاسٹل کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے میں شفافیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر منصوبے کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور سکیمیں جلد از جلد مکمل ہونی چاہیں۔انہوں نے کوآپریٹو ٹریننگ کالج سرگودھا روڈ میں کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور کلاسز میں سٹاف ممبران سے کورسز کے حوالے سے بعض سوالات بھی کئے۔ ڈی او کوآپریٹو محمد جمیل گھٹوالہ نے رجسٹرار کوآپریٹو کو محکمانہ ٹارگٹس اور ان کے حصول کے بارے میں بریفنگ دی۔