فیصل ۱ٓبادمیں دو لاکھ 73ہزار ایکٹر رقبہ پر گنے کی گاشت چھ ہزار 461 میٹرک ٹن پیداوار متوقع ، ضلع میں موجود پانچ شوگر ملز کی مانیٹرنگ کے لئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ ہر ملز پر تعینات

اتوار 20 نومبر 2016 13:40

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء)ضلع میں گنے کے کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اور گنے کی فروخت کے سلسلے میں مڈل مین کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرشنگ سیزن کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔یہ بات ڈی سی او سلمان غنی نے گنے کے کرشنگ سیزن کے حوالے سے انتظامی افسران ‘ محکمہ زراعت ‘ شوگر ملز اور کاشتکاروں کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے گنے کی فصل کی صورتحال اور کرشنگ سیزن کے حوالے سے انتظامی ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز تاندلیانوالہ اور سمندری مصور نیازی ‘کنورانوار خاں، ڈی او زراعت شبیر افضل وڑائچ ‘ ڈی او انڈسٹریز خالد محمود ‘ ڈی او لیبر غلام عباس چیمہ،کاشتکاروں کے نمائندوں میاں ریحان ‘سرفراز تارڑ ‘چوہدری نذیر احمد‘یاسین کاہلوں اور دیگر کے علاوہ ضلع میں شو گر ملز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ گنے کے غیر قانونی کنڈوں کوخریداری کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ لہذا مجاز کنڈوں کے مالکان ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔انہوں نے ڈی اوانڈسٹریز کو ہدایت کی کہ کنڈوں کے معیار کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور تول میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے علاوہ سازوسامان ضبط کر لیا جائے۔انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ سے کہا کہ وہ کاشتکاروں کی ہر ممکن سہولیات کا خیال رکھیں اس ضمن میں گنے کی بے جا کٹوتی سے اجتناب کے علاوہ گنے کی ٹرالوں کو غیر ضرور ی انتظار کرانے سے گریز اور مقرردنوں میں گنے کی قیمت کی ادائیگیوں کو یقینی بنایاجائے ۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کو متحرک رکھیں اور اپنے دفاتر میں شکایات سیل بنا کر کاشتکاروں کے مسائل فوری حل کئے جائیں ۔ انہوں نے شوگر ملوں کو گنے کی فروخت کے سلسلے میں کاشتکاروں کی سہولت کے لئے اقدامات کی مکمل تشہیر کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فی من گنا کی سرکاری قیمت اور فراہم کردہ دیگر سہولیات پر مبنی بینرز نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں ۔

ڈی سی او نے حادثات کی روک تھام کے لئے گنے کی ٹرالیوں پر ریفلکٹر لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں اور سیزن کے دوران ملز کے قریب صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔ ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ ضلع میں دو لاکھ 73ہزار ایکٹر رقبہ پر گنا گاشت کیا گیا تھا جس سے چھ ہزار 461 میٹرک ٹن پیداوار متوقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پانچ شوگر ملز کام کر رہی ہیں جن کی مانیٹرنگ کے لئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ بھی ہر ملز پر تعینات ہو گا ۔