ترکی اور چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان دنیا کے نقشہ پر جدید اور ترقی یافتہ ملک بن کر سا منے آیا ہے،رانا محمد ارشد

اتوار 20 نومبر 2016 13:20

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر الحاج رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ ماضی کا پاکستان اور آج کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے، آج پاکستان کی معیشت فلق کی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور ترقی کی اس نہج پر پہنچ گئی ہے جہاں ہمارے دشمن اس ترقی کو پاش پاش کرنا چاہتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مسلم لیگی کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں اپنے ایجنٹ پاکستان میں داخل کرکے ترقی کے ان منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں اورہمارے اپنے لوگ دشمنوں کے ان مزموم عزائم کو پورا کرنے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی اور چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان دنیا کے نقشہ پر آج جدید اور ترقی یافتہ ملک بن کر سا منے آیا ہے۔

پاکستان کی معیشت نے مختصر عرصہ میں ترقی اور تیزی کا گراف عبور کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا سفر اپنی منزل پر رواں دواں رہے گا۔ عوام نے انتشار پسند سیاست دانوں کو خیر باد کہ دیا ہے۔اب وہ اپنی خفت مٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے اپنا کر خود کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ وہ اپنے غیر ملکی آقائوں کے مشن کی تکمیل کے لئے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیداکرنا چاہتے ہیں۔

عوام جانتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی معیشت جس بلندی کو چھو رہی ہے و ہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا رہا ہے۔اور یہ بات دنیا بھر میں پاکستان مخالف قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہی ہیں اسی لئے ان تمام سیاستدانوں کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے چین اور ترکی کے جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :