فیصل آباد ، قصور ، شیخوپورہ ، ملتان کے کاشتکاروں کو دھنیے کی پچھیتی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 20 نومبر 2016 13:10

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) ماہرین زراعت کی جانب سے فیصل آباد ، قصور ، شیخوپورہ ، ملتان کے کاشتکاروں کو دھنیے کی پچھیتی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بروقت کاشت کی صورت میں اچھی پیداوار حاصل کی جاسکے۔ ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ دھنیے کے سبز پتے اور بیج بطور مصالحہ روزمرہ کے کھانے پکانے میں استعمال ہوتے ہیں اور اس کے بیج سے تیل بھی نکالا جاتا ہے جو کاسمیٹکس، دواسازی اور پرفیوم بنانے کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ دھنیے کی کاشت کیلئے معتدل سے سرد موسم کی ضرورت ہوتی ہے اوریہ سرد موسم کی سبزی ہونے کے ساتھ ساتھ30سی35ڈگری سینٹی گریڈتک درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ دھنیے کو پانی اور کھاد کے مناسب استعمال سے سارا سال کاشت کیا جا سکتا ہے نیز پنجاب کے آب پاش علاقوں میں ستمبرسے اکتوبر تک کاشت کی ہوئی فصل چار کٹائیاں دینے کے ساتھ ساتھ زیادہ پیداوار دیتی ہے تاہم بارانی علاقوں میں اس کی کاشت کا انحصار ستمبر اکتوبر کی بارشوں پر ہے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکارچھٹہ کاشت کی صورت میں 10 سے 15کلو گرام جبکہ ڈرل کاشت کی صورت میں 10سی12کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوںنے بتایاکہ "دل پذیر" ادارہ تحقیقات سبزیات کی منظور شدہ قسم ہے جو زیادہ کٹائیاں دینے کے ساتھ 12ٹن فی ہیکٹرپیداواری صلاحیت کی حامل ہے جبکہ اس کے علاوہ قندھاری قسم بھی اچھی پیداواردے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں دھنیے کی کاشت کارقبہ 5865ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس سے حاصل ہونے والی پیداوار بھی 2986 میٹرک ٹن تک ہو گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :