نامور فنکاروں اسلم پرویز کی 32ویں اور شفیع محمد کی 8ویں برسی کل منائی جائے گی

اتوار 20 نومبر 2016 13:10

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء)پاکستان فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے نامور فنکاروں اسلم پرویز کی32ویں اور شفیع محمد کی 8ویں برسی کل 22 نومبر بروز منگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ اس موقع پر مختلف نگار خانوں سمیت اداکار اسلم پرویز اور شفیع محمد کے مداحوں و پرستاروں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیاجائیگا جس میں مذکورہ اداکاروں کی فنی ، ادبی، فلمی خدمات کو شاندارالفاظ میں خراج عقید ت پیش کیاجائیگا۔

اسلم پرویز کا شمار پاکستان کی فلم انڈسٹری کے صف اول کے فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوںنے مختلف فلموں میں بطور ہیرو اور ولن اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوایا ۔ پاٹے خان، چن ماہی، بھولے خان، لیلیٰ مجنوں ، پاسبان، آنکھ کا نشہ، آس پاس ، چھو منتر، کچی کلیاں، نئی لڑکی، شیخ چلی، نیا دور، گلشن، ہمت، کوئل، مسکراہٹ، سہیلی ، ہم سفر، لگان، خیبر میل، منزل، مٹی دیاں مورتاں، چھوٹے سرکار، ہم ایک ہیں، زمین کا چاند، برسات میں ، بیٹا ، عشق پر زور نہیں ، قاتل، بانو، دریا د ل سمیت درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اسلم پرویز 21اور 22نومبر 1984ء کی درمیانی شب ہدایتکار اقبال چوہدری کی فلم جھورا کی شوٹنگ کیلئے سٹوڈیو جا رہے تھے کہ ایک ٹریفک حادثہ نے ان کی جان لے لی۔

(جاری ہے)

اسلم پرویز کی وفات سے پیدا ہونے والا خلائ32برس گزرنے کے باوجود پر نہ ہوسکا ہے۔ دوسری جانب صدارتی ایوارڈ یافتہ فلم و ٹی وی سٹار شفیع محمد کی برسی بھی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی جو 21نومبر 2008ء کی شب حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث اپنے مالک حقیقی سے جاملے تھے۔ مرحوم نے کئی فلموں سمیت درجنوں یادگار ٹی وی سیریلز میں بھی کام کیا جبکہ ان کے یادگار کردار آج بھی ان کی یاد تازہ رکھے ہوئے ہیں۔