پاکستان بھر میں عالمی یوم اطفال بھر پور طریقے سے منایاگیا

اتوار 20 نومبر 2016 13:10

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) دنیابھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اتوار کو عالمی یوم اطفال بھر پور طریقے سے منایاگیا۔ اس موقع پر ملک کے تمام بڑے شہروں میں مختلف سرکاری ، نیم سرکاری تنظیموں، بڑے ایجوکیشنل گروپس ،بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی این جی اوز کے زیر اہتمام ورکشاپس ، سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں کا انعقاد کیاگیا جس میںکم عمر بچوں کی جبری مشقت ، معاشرے کے نظر اندازشدہ اور بعض مخصوص حالات میں گھریلو ناچاقی کاشکار اور بے وسائل بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیا ۔

اس موقع پر مقررین نے بتایاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظوری سے 1989ء میں بچوں کے حقوق کے ڈیکلریشن کے اعلان کی روشنی میں مذکورہ دن پاکستان سمیت اقوام متحدہ کے تمام 191 ممبر ممالک میں ہر سال 20نومبر کو بھر پور طریقے سے منایاجاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پاکستان میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو جیسے اداروں کا قیام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے تاکہ بچوں کو مخصوص حالات کے دوران بے وسائل ہونے کے باوجود تعلیم و تربیت کی جانب راغب کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایاجاسکے۔

انہوںنے بتایاکہ اس موقع پر ہر شہری کو اس عزم کابھی اعادہ کرنا ہو گا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کریں گے تاکہ معصوم بچوں کو مناسب تربیت نہ ملنے پر معاشرتی بے راہ روی کا شکار ہونے سے بچایاجاسکے۔ عالمی یوم اطفال کے موقع پر الیکٹرانک میڈیانے خصوصی پروگراما ت نشر کئے جبکہ پرنٹ میڈیامیں بھی عوامی شعور بیدار کرنے اور قومی آگاہی کیلئے خصوصی مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :