معاشرتی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار نظام عدل کے معیار پر ہے،مقررین

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:37

سیالکوٹ۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء)لاہور ہائیکورٹ لاہور کوقائم ہوئے 150سال مکمل ہونے کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ محمد یوسف واجلہ کی زیر صدارت انوار کلب آڈیٹوریم سیالکوٹ میں ’’آئین وقانون کی بالا دستی اور حکمرانی‘‘ کے عنوان سے جوڈیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مہمان خصوصی سابق انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر شعیب سڈل ،ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ عبدالناصر، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ مقصود احمد بھٹی، رانا نصراللہ ایڈووکیٹ ، سابق سیشن جج چودھری فیض طالب، میاں محمد انور، مرید حسین، سلمان بیگ، رجسٹرار گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی عذرا سبطین، سینئر سول جج سیالکوٹ شفیق عباس، سول جج چودھری اسماعیل، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ اور ایس پی انوسٹی گیشن سیالکوٹ رفعت حیدربخاری کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار نظام عدل کے معیار پر ہے بلکہ معاشرے کی بقا کا دارومدارانصاف کی دستیابی پر ہے اورانصاف فراہم نہ کرنے والا معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے عدلیہ کو مققنہ ،انتظامیہ، بار اور سو ل سوسائٹی کی مکمل حمایت کی ضرورت ہے کیونکہ انصاف کی فراہمی اگلے جوڈیشری کے بس کی بات نہیں۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ محمد یوسف اوجلہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور آنے والے مہمانوں اور شرکاء کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔