حکومت نے بچوں کے تحفظ،صحت،تعلیم اور بہتر طرز زندگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رکھے ہیں

صدر ممنون حسین کا عالمی یوم اطفال پر پیغام

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بچوں کے تحفظ،صحت،تعلیم اور بہتر طرز زندگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رکھے ہیں۔عالمی یوم اطفال کے کے موقع پر ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کنونشن(یواین سی آر سی)کے رکن کی حیثیت سے پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کا علمبردار ہے۔

صدر مملکت نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم اس عزم کا اعادہ کریں کہ کہ اپنے بچوں کو ملک کا مفید شہری اور گلوبل ویلیج کا کارآمد رکن بنانے میں مددکیلئے ساز گار ماحول فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہبود کیلئے ہماری کوششیں ہماری ریاستی پالیسوں میں بھی نظر آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ اسلام بچوں کے تحفظ اور نگہداشت پر زور دیتا ہے۔

ہمارے مذہبی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق حکومت بچوں کے ترقی و تحفظ کی ضرورت سے پوری طرح آگاہ ہے،جو ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کی حیثیت سے ہم بچوں کے بہترین مفاد کو فروغ اور بغیر کسی امتیاز کے ترقیاتی مواقعوں تک رسائی دینے کے پابند ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ تحفظ حقوق اطفال اور ان کیلئے یکساں مواقعوں کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری اور نجی اداروں کے مابین مضبوط شراکت داری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے والدین،اساتذہ،سول سوسائٹی کے ارکان،این جی اوز،رضاکاروں،مخیر حضرات،بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں،میڈیا اور کارپوریٹ ہاوسز پر زور دیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔صدر مملکت نے کریمنل لائ(دوسری ترمیم)ایکٹ 2016کے نفاذ کیلئے وزارت انسانی حقوق کے کاوشوں کو سراہا جسکے تحت بچوں کی سمگلنگ،جنسی استحصال ،تشدد ،چائلڈ لیب اور بچوں کیخلاف دیگر جرائم میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزائیں دی جاسکیں گی۔انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو اجاگر کرنے کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اسی جوش اور جذبے کیساتھ اپنا مشن جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :