اسٹریٹ چلڈرن کے تحفظ اور مستقبل کی بہتری کیلئے فوری قانون سازی کی ضرورت ہے، چائلڈ لیبر کا ملک سے خاتمہ ہوناچاہئے، ڈاکٹر ارشد وہرہ

چائلڈ لیبر کے باعث ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں سندھ میں چالیس ہزار اسکولوں میں سے بارہ ہزار اسکول گھوسٹ ہیں، ڈپٹی میئرکراچی

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) ڈپٹی میئرکراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے تحفظ اور مستقبل کی بہتری کیلئے فوری قانون سازی کی ضرورت ہے چائلڈ لیبر کا ملک سے خاتمہ ہوناچاہئے اور ایسے افراد کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے جو معصوم بچوں کو لیبر قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے کاموں پر لگا دیتے ہیں اور ذرا سے مالی فائدے کیلئے ان کا مستقبل تاریک کردیتے ہیں انہوںنے کہا کہ چائلڈ لیبر کے باعث ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں سندھ میں چالیس ہزار اسکولوں میں سے بارہ ہزار اسکول گھوسٹ ہیں اور وہ بااثر افراد کے ذاتی استعمال میں ہیں انہوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم بچوں کے حقوق،ان کے تحفظ ، صحت اور تعلیم کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں اور مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت کیلئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ یہ بڑوں کا فرض ہے کہ آنے والی نسلی کو اپنی ثقافت، تہذیب اور روایات سے آگاہ کریں اور انہیں اپنے اپنے مذہب کی جانب راغب کریں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کو خاص مقام حاصل ہوتا ہے ان کی نگہداشت اور تربیت کے قوانین مرتب کئے جاتے ہیں تاکہ وہ ایک بہتر انسان کے ساتھ ساتھ ملک کیلئے ایک اچھا شہری ثابت ہو، اقوام متحدہ کے ادارے یونیکسو نے بچوں کے حقوق کا چارٹر پیش کیا ہے جس پر پاکستان سمیت دنیا کے 123ممالک نے دستخط کئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ چڑیا گھر، سفاری پارک اور ہل پارک سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام پارکوں میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کے روز بچوں کا داخلہ مفت ہوگا بارہ سال تک کے بچوں کیلئے تمام جھولے، مچھلی گھر اور دیگر تفریحی مراعات مفت فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے لئے تفریحی مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجوہات میں والدین کی معاشی حالت، امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال شامل ہیں اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن سیف عباس نے بتایا کہ دو روزہ تقریبات کا مقصد بچوں کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ان کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے انہوںنے کہا کہ تمام تقریبات میں اس بات کو مد نظر رکھا گیا ہے ان پروگراموں میں بچوں کی صلاحیتیں سامنے آئیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہو اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگ کی تین روزہ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا، تقریب میں اسٹریٹ چلڈرن اور اسکول کے بچوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :