قوم کرپشن کا حساب اور قتل کا جواب مانگتی ہے،جو ہر صورت دینا ہوگا،وزیراعظم پارلیمنٹ کے فلور پر از خود لندن فلیٹس کی ملکیت تسلیم کر چکے ہیں

پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیر(ر)مشتاق احمد کابیان

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیر(ر)مشتاق احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سکینڈل کے منظر عام پر آتے ہی ،شریف فیملی کی کرپشن پوری قوم پر عیاں ہو چکی اور پانامہ پیپرز میں شریف فیملی کے نام آجانا ہی سب سے بڑا ثبوت ہے، وزیراعظم پارلیمنٹ کے فلور پر از خود لندن فلیٹس کی ملکیت تسلیم بھی کر چکے ہیں ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہحکمران خاندان نے مختلف ٹی وی چینلز پر اثاثوں کا اعتراف بھی کیا، ثبوت دینا شریف فیملی کی ذمہ داری ہے ،پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں،حکمران عوام کا وقت ضائع کرنے کی بجائے کرپشن اور لوٹ مار کا حساب دیں۔قوم کرپشن کا حساب بھی مانگتی ہے اور قتل کا جواب بھی،جو ہر صورت دینا ہوگا،انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بہت جلد تحریک قصاص کے دوسرے رائونڈ کااعلان کریں گے، قصاص کے حصول تک عوامی تحریک کی جدوجہد جارہی رہے گی، حکمران چالاکی اور عیاری سے سپریم کورٹ میں بھی روز نیا ڈرامہ کھول رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ گزشتہ روز ضلعی عہدیدان سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ کرپشن ہوئی اور پانامہ لیکس کے حقائق کھلی کتاب کی طرح ہیں ،انہوںنے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے 14 بے گناہوں کا قتل عام ٹی وی چینلز کے ذریعے پوری دنیا نے براہ راست دیکھا مگر قاتلوں پر تاحال کوئی گرفت نہیں ہوئی، حکمرانوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،انصاف کاقتل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے فلور پر جو کچھ کہا وہ بھی کیس کے ریکارڈ کا حصہ بننا چاہیے۔کیس دبئی سے جدہ اور پھر جدہ سے قطر ہوتے ہوئے لندن پہنچ گیا ہے ۔