پاکستان اسٹیل کو موجودہ حکومت نے دانستہ تباہ کیا،عبدالحکیم بلوچ

میرے استعفیٰ کی بہت ساری وجوہات میں سے ایک بنیادی وجہ پاکستان اسٹیل مل کی حالت بھی ہے، استقبالیہ سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان اسٹیل کو موجودہ حکومت نے دانستہ تباہ کیا،میری موجودہ حکومت سے استعفاکی بہت ساری وجوہات میں سے ایک بنیادی وجہ پاکستان اسٹیل مل کی حالت بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار این اے 258 ملیرپر ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے کی جانب سے مرکزی سی بی اے آفس پاکستان اسٹیل مل میں ہفتہ کے روز دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی اسٹیل ملز دشمنی سے ہزاروں خاندان اور ان کے بچوں کا مستقبل تباہ کر دیا گیا ہے، کسی بھی دوسرے سرکاری ادارے کے خلاف ایسا ناروا سلوک نہیں ہوا، نواز حکومت میں دیئے گئے 18.5 ارب روپے کا بیل آئوٹ پیکیج آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تھا، نہ توبیل آئوٹ بروقت اور نہ ہی ضرورت کے مطابق دیا گیا، لیکن اس کے باوجود جب ادارے کے محنت کشوں نے پیداوار 65 فیصد تک پہنچائی تو ایک سازش کے تحت ادارے کی گیس بند کر دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کو یکمشت اور بروقت30 ارب روپے کا پیکیج تو نہیں دیا لیکن ان کے دور میں پاکستان اسٹیل کو 200 ارب روپے کا مزید خسارہ ہوا، پاکستان اسٹیل مل دشمنی کی انتہا ہے کہ پی آئی اے کو بحال کیا گیا، ریلوے کو بحال کیا گیا لیکن پاکستان اسٹیل کیونکہ سندھ میں واقع ہے اس لیئے اس کو جان بوجھ کر تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا، حکیم بلوچ نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران خاندانی تین نسلوں سے اسٹیل کے کاروبار سے منسلک ہیں ان کی اپنی اسٹیل مل تو ترقی کر رہی ہے اور اربوں ڈالر منافع کما رہی ہے لیکن سرکاری اور پاکستان کی واحد اسٹیل ملز اور اس کے ملازمین کو سسکنے پر مجبور کر دیا گیا ہے، میں آج یہ وعدہ کرتا ہوں کہ ضمنی انتخابات میں انشااللہ کامیاب ہو کہ محنت کشوں کے شانہ بشانہ اور قومی صنعتی ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیئے تحریک چلائوں گا۔

تقریب کے میزبان چیئرمین سی بی اے شمشاد قریشی نے اس موقع پر عبدالحکیم بلوچ کو ضمنی انتخابات میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور پاکستان اسٹیل اور اس کے ملحقہ رہائش پذیر محنت کشوں سے اپیل کی کہ وہ عبدالحکیم کو اپنے ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔#

متعلقہ عنوان :