کراچی،سردموسم کے شروع ہوتے ہی گرم رضائی اور گدوں کی تیاریوں کے کام میں تیزی آگئی

لوگوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں کا رخ کرلیا

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2016ء) سردموسم کے شروع ہوتے ہی کراچی میں گرم رضائی اور گدوں کی تیاریوں کے کام میں تیزی آگئی ہے ، لوگوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں کا رخ کرلیا جبکہ خواتین لحافوں اور گدے کیلئے کپڑے کی خریداری کیلئے مارکیٹوں میں پہنچ گئیں ۔ کراچی میں سرد موسم کو اپنے عروج پر پہنچنے میں ابھی تقریباًدوہفتے باقی ہیں تاہم ہلکی ہلکی خنکی اور کبھی تیز ہوا نے اپنی موجودگی کا احساس دلنا شروع کردیا ہے۔

لوگوں نے پرانی رضائیاں، لحاف اور گدے لیکر مارکیٹوں کا رخ کرلیا، جہاں انتھک محنت کے بعد انہیں دوبارہ نئی شکل دی جائے گی تاہم مہنگائی کے باعث رضائیاں بنانے والے پریشان ہیں،گزشتہ سال سردیوں کا احساس کراچی کے شہریوں کو کم رہا تھا جس کی وجہ سے پچھلے سال رضائیاں بنانے والے والوں کا کاروبار شدید متاثر ہوا تھا لیکن اس سال اس سال پچھلے سال سے زیادہ سردی کے امکانات کے پیش نظر رضائیاں تیار کرنے والے خوش ہیں دوسری جانب لنڈے بازاروں کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہے اور لائٹ ہائوس پر بڑے لنڈا بازار میں شام کے اوقات میں پرانا سامان خریدنے والوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

شہر میں مخیر حضرات کی جانب سے بھی مستحق افراد میں تقسیم کرنے کیلئے ریڈی میڈ لحاف بھی بنوائے گئے ہیں،جس کی قیمت500 روپے سے 800روپے وصول کی جارہی ہے۔#

متعلقہ عنوان :