بچوں کے عالمی دن کا موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیر اہتمام رنگا رنگ چلڈرن میلہ کا انعقاد

روشن اور مستحکم پاکستان کے لیے ہمیں اپنے بچوں پر سرمایہ کاری کرنی ہو گی تاکہ ہمارا کل آج سے زیادہ محفوظ ہو‘وحید اختر انصاری

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے زیرِاہتمام بچوں کے عالمی دن کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں کمپلیکس کے مکینوں بالخصوص گہوارہ،نشیمن اوردارلفلاح کے بے سہارا بچوں کے لیے رنگا رنگ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری ،سوشل ویلفیئر ایڈوائزری کمیٹی کے سنئیر ممبران کے علاوہ اہل علاقہ بالخصوص بچوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔

میلے میں بچوں کے لیے جھولوں ،کھانے پینے کی اشیاء اور کھلونوں کے پرکشش سٹالز لگائے گئے تھے جہاں کمپلیکس کے مکینوں کو مفت اشیاء تقسیم کی جا رہی تھیں۔سٹالز میں نشیمن اور سوشل ویلفیئر ٹریننگ سینٹرز میں زیر تر بیت بچوں اوردارلفلاح اور دارلسکون میںمقیم خواتین کی ھاتھوں سے بنی گھریلو استعمال کی خوبصورت اشیاء بھی فروخت کے لیے رکھی گئی تھیں جو علاقے کی خواتین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز تھیں۔

(جاری ہے)

کمپلیکس کے بچوں کے ٹیبلوز،ڈراموں،ملی نغموں ،پپٹ اور میجک شوز نے بھی شرکاء کو محظوظ کیا۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر نے ایڈوائزری کمیٹی کو ممبرز کو کمپلیکس کے تمام اداروں کا دورہ کروایا ۔ ممبرز نے عافیت اور دارلسکون میں مقیم بزرگ ااور ذہنی دبائو کا شکار خواتین و حضرات سے خصوصی ملاقات کی اور کمپلیکس کے انتظامات سے متعلق سوالات کیے جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

کمیٹی ممبرز نے کمپلیکس کے بچوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی تعلیمی اور غیر نصابی سر گرمیوں کو سراہا۔اس موقع پر ڈی جی سوشل ویلفیئر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن اور مستحکم پاکستان کے لیے ہمیں اپنے بچوں پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی تبھی ہمارا مستقبل محفوظ ہو گا۔انھوں نے کہا کہ اپنے کل کو آج سے بہتر بنانے کے لیے حکومت اور پالیسی میکرز سمیت معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً والدین اور اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں پہلے سے زیادہ فعال اور محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

اس ضمن میںمحکمہ سوشل ویلفئیر اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے نبھا رہا ہے اور صوبے بھر کے غریب اور نادار بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے لیے ہر لمحہ سرگرم عمل ہے اس مشن میں این جی اوز بھی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :