وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 19 نومبر 2016 21:30

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بچوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں،ان سے محبت و شفقت سے پیش آنا چاہئے۔آج کے بچے کل کے معمار ہیں۔اگر بچپن سے ہی بچوں کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کی جائے تو اس سے ان میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے آگہی پیدا کرنا ہے اور بچوں کی تعلیم،صحت،تفریح اور ذہنی تربیت کے حوالے سے شعور اٴْجاگر کرنا ہے۔قوم کے نونہالوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں پوری طرح آگاہ ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے بچوں کی نشونما اور تحفظ سمیت مختلف ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور 70 ہزار سے زائد بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر تعلیم کیلئے سکولوں میں لایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں سے مزدوری لینے کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں اور معصوم ہاتھوں میں اینٹ گارے کی جگہ قلم کتاب دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے مفادات کا تحفظ اور انہیں بلا امتیاز زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومتی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی بہبود کو یقینی بنانے کا مشن سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت کار کا متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اطفال بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے بارے میں شعور بیدار کرنے کیلئے منایا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا آج کے اس عزم کااعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو اطفال دوست ملک بنانے کے لیے سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ حلقے اپنا موثر کردار ادا کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :