کسی قوم کے مستقبل کا اندازہ اس کے بچوں کی پرورش وتربیت سے لگایا جاسکتا ہے، بلاول بھٹوزرداری

وفاقی و صوبائی حکومتیںعالمی یوم اطفال کے موقع پر اعادہ کریں وہ اپنے بچوں کو صحتمند،خوشحال ،پرامن قوم کی جانب بڑھنے کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کریں گی، بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 19 نومبر 2016 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کے مستقبل کا اندازہ اس امر سے لگایا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش و تربیت کیسے کرتے ہیںنیز انہیں کس طرح کا ماحول میسر کیا جاتاہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوںپر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم اطفال کے موقع پر یہ اعادہ کیا جائے کہ اپنے بچوں کو ایک صحتمند،خوشحال اورپرامن قوم کی جانب بڑہنے کے لیے تمام ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

اتوارکو اقوام متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی ہمارے خوابوں کے حصول کے آگے بڑی رکاوٹیں ہیں، ہمیں ان رکاوٹوں کو عبور کرنا ہوگا اور پیش رفت کی خاطر ہمیں مزید محنت کرنا ہوگا اور فنڈز فراہم کرنے ہوں گے کیونکہ مذکورہ سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ بچے اپنی پس رو نسلوں کا دفاع کر سکیں گے نہ ہی ان کے لیے باعث فخر بن سکیں گے۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی والدہ وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ کے دوران ایک ہمہ گیرپولیو مہم کی شروعات کی اس سے پہلے دنیا بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز سے 22 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہوتا تھا۔ہم نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پولیو سے آزاد پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے کام کیا اور آج ہم اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے قریب ہیں، لہٰذا ہمیں بچوں کی بہبود ، بہتری اور تحفظ کے لئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں گھوسٹ اسکولز سے چھٹکارا حاصل کرکے نظام تعلیم کو مزید کارگر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی کڑوڑ بچے تاحال اسکول نہیں جاتے اوراس حوالے سے ہم پوری قوم کی مشترکہ جنگی بنیادوں پر کاوشوں کے بغیر ترقی ، امن اور خوشحالی حاصل نہیں کرسکتے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے سندھ حکومت کی جانب سے نظام تعلیم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاح کے لئے اقدامات کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر بچے کو مکمل تعلیم و ماحول میسر کردیا جائے اور وہ انسانی اصولوں سے ملحق ہوں تو ہر بچے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو بننے کی صلاحیت موجود ہے۔