پاکستان کو اندرونی و بیرونی بحرانوں سے نکالنے کے لیے منظم پارٹی ، بااعتماد اہل اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ‘ لیاقت بلوچ

آزمائے اور سیاسی وفاداریاں بدل کر کئی ٹکٹوں کے سیاسی خانہ بدوش حالات میں کوئی بڑی تبدیلی ٓنہیں لاسکتے ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 19 نومبر 2016 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی بحرانوں سے نکالنے کے لیے منظم پارٹی ، بااعتماد اہل اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ، آزمائے اور سیاسی وفاداریاں بدل کر کئی ٹکٹوں کے سیاسی خانہ بدوش حالات میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے ، جماعت اسلامی محب دین اور محب وطن عوام کی طاقت سے انشاء اللہ حالات کا رخ تبدیل کرے گی ۔

لاہور میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے ۔ عوام کو ظلم ، جبر اور کرپشن کے نظام سے نجات دلانا ہماری سیاسی پارلیمانی اور انتخابی جدوجہد کا مرکز و محور ہے ۔

(جاری ہے)

کرپشن ، لوٹ مار ، قرضوں اور سود کی لعنت سے نجات کے لیے دیانتداری اور خود انحصاری کا معاشی نظام ناگزیر ہے ۔ عوام اب 70 سال کے تجربات کے بعد ذلت و پستی سے چھٹکارا چاہتے ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات کے لیے کرپٹ عناصر اور نظام کو بے نقاب کرنا اور انتخابی نظام کی اصلاح ناگزیر ہے ۔ صاف ، شفاف انتخابات ملکی ترقی اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری پر منصفانہ عملدرآمد کے ضامن بن سکتے ہیں وگرنہ فساد ، انتشار ، بے اعتمادی اور بے یقینی تباہی کی طرف لے جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :