4 مطالبات پورے نہ ہوئے تو لاہور،پشاور ،کراچی میں گونواز گو ہوگا،نوید قمر

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:11

4 مطالبات پورے نہ ہوئے تو لاہور،پشاور ،کراچی میں گونواز گو ہوگا،نوید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر حکومت اپنی ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے ۔ 4 مطالبات پورے نہ ہوئے تو لاہور،پشاور ،کراچی میں گونواز گو ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی ٹائون میں واقع جہانگیر بدر مرحوم کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ نہیں آرہی کہ حکومت پانامہ لیکس ایشو سے کیوں ڈر رہی ہے جس کا ڈر تھا وہ معاملہ اب عدالت میں جا چکا ہے جو ایک قانونی طریقہ کار سے حل ہوگا۔

مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ اگر حکومت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آئی اور پیپلزپارٹی کے پیش کئے گئے چار مطالبات تسلیم نہ کئے تو لاہور سمیت پشاور، کراچی، لاڑکان ہمیں گو نواز گو ہوگا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی تنظیم نو سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو تقریباً مکمل ہو گئی ہے۔ جسے اب ڈسٹرکٹ اور اس سے نیچے کی سطح پر کیا جائے گا جس کے نتائج آپ کو جلد نظر آنے شروع ہو جائیں گے۔

نوید قمر نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اگر اخلاقی طور پر حل ہونا ہوتا تو کئی ماہ پہلے حل ہو چکا ہوتا لیکن شریف فیملی کی جانب سے اس حوالے سے مختلف بیانات سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کیس میرا اور آپ کا ہوتا تو اس کا فیصلہ کب سے ہو چکا ہوتا۔ عوام کی نظروں میں پانامہ لیکس کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے حکومت کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ لاہور والوں کو شاید بجلی مل رہی ہوگی لیکن جہاں سے میں آیا ہوں وہاں 16,16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ قبل ازیں نوید قمر نے مرحوم جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے ان کی وفات پر تعزیت کی۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :