گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بحری جہاز میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا

جہاز میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کو مبینہ طور پر سمگل کیا گیا تھا،آگ جہازوں میں معمول کے مطابق موجود پیٹرولیم یا لبریکنٹس مصنوعات کی وجہ سے نہیں لگی

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء)گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں گذشتہ دنوں تیل بردار ناکارہ بحری جہاز میں آگ لگنے کے نتیجے میں 25 افراد کی ہلاکت کے بدترین واقعے کی تحقیقات ایک نیا رخ اختیار کرگئی ہیں۔وزارت دفاعی پیداوار اور پورٹس اینڈ شپنگ کی وزارتوں کے حکام نے اپنی ابتدائی تحقیقات میں اس حوالے سے سوال اٹھایا ہے کہ جہاز توڑنے کے پس منظر میں اس میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کو مبینہ طور پر اسمگل کیا گیا تھا۔

ایک عہدیدار کے مطابق حکومت کی جانب سے دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں دفاعی پیداوار اور پورٹس اینڈ شپنگ کی وزارت کے ارکان بھی شامل تھے۔اس کمیٹی کو اپنی ابتدائی تحقیقات میں کچھ ایسے 'شواہد' ملے ہیں، جو اتنے بڑے آئل ٹینکر کو توڑنے کے مقاصد کے حوالے سے 'سنگین شکوک وشبہات' پیدا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اتنا بدترین حادثہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر میر حاصل خان بزنجو نے بتایا، اس نتیجے پر پہنچنا کوئی بہت بڑی راکٹ سائنس نہیں ہے، ایک عام آدمی بھی بتاسکتا ہے کہ جہاز میں لگنے والی آگ، جسے بجھانے میں کئی دن لگے، جہازوں میں معمول کے مطابق موجود پیٹرولیم یا لبریکنٹس مصنوعات کی وجہ سے نہیں لگی، آگ کی شدت بہت زیادہ تھی اور سوال یہ ہے کہ آگ اتنی شدید کیوں تھی۔

انھوں نے بتایا کہ 'کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو بھیجی جاچکی ہے اور فی الوقت اس کے نتائج کو سامنے لانا مناسب نہیں ہے، تاہم اس میں کچھ شوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے اور کچھ سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔میرحاصل خان بزنجو سے جب جہاز کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی مبینہ اسمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات کا سوال پرکہاکہ تحقیقات کا دائرہ وسیع ہونے سے شپ بریکنگ یارڈ انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کے عہدیداران کو بھی شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جبکہ وفاقی وزیر نے کمیٹی کی تحقیقی رپورٹ مکمل ہونے کی تصدیق کردی ہے، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر)نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے نتائج کو عوام کے سامنے لایا جائے۔این سی ایچ آر کی جانب سے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ کیلئے معاوضے کی فوری فراہمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔