پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی نے حلال، حرام اور مشبوہ اشیاء کی پہچان کے لئے 205صفحات پر مشتمل رہنمائی کتابچہ شائع کر دیا

کتابچہ میں مختلف اشیاء میں استعمال ہونیوالے اجزا ،اسکے ذرائع، کیمیائی فارمولا اور اس کا استعمال کے بارے میں ای کوڈز کا تجزیہ کیا گیا ہے رہنمائی کتابچہ سے اشیائے خوردو نوش کی شرعی نقطہ نظر سے حلال، حرام و مشبوہ حیثیت کا اندازہ ہو سکے گا‘ چیئرمین حلال ایجنسی خلیل الرحمن خان

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:03

پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی نے حلال، حرام اور مشبوہ اشیاء کی پہچان کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی نے مقامی و در آمداتی اشیا ئے خور دو نوش میں استعمال ہونے والے اجزاء کے ای کوڈز یا آئی این ایس، انٹرنیشنل نمبرنگ سسٹم کے تجزیہ پر مشتمل 205صفحات کارہنمائی کتابچہ شائع کر دیا ہے جس میں تمام اشیا کے کوڈز کی تفصیل دی گئی ہے کہ وہ شرعی نقطہ نظر سے حلال، حرام یا مشبوہ (مشکوک )ہے۔

واضح رہے ای کوڈز کسی چیز کی پیکنگ یا ریپر پر دیے گئے ان نمبرزکو کہتے ہیں جو جگہ کی قلت کے باعث اجزا کا پورا نام لکھنے کی بجائے صرف نمبر ز لکھ دیے جاتے ہیں، پاکستانی قانون کے مطابق تمام اشیا خورد نوش پر اجزائے ترکیبی، ای کوڈز یا آئی این ایس کوڈ لکھنا ضروری ہے۔E-Codes analysis کے لئے ایک سال قبل پنجاب حلال ایجنسی نے چار ممالک کے حلال سیکٹر کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی تھی جس میں تھائی لینڈ کے ڈاکٹر وینائی ڈھلن، ملیشیا کے عبد الرحمٰن یوسفی، پاکستان سے جسٹس خلیل الرحمٰن اور ڈاکٹر فقیر انجم اور انڈونیشیا سے حلال سیکٹر کے ماہرین شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی نے Codes کا تجزیہ کیا وہ کن اجزا کے لئے استعمال ہوتے ہیںاس عمل میں نامور مذہبی سکالرز سے رہنمائی بھی لی گئی۔کوڈز کی آن لائن تصدیق کے لئے http://phda.com.pk/index.php/e-code-traceability/ لینک پر جا کر کسی بھی چیز کی پیکنگ یا ریپر پر دیئے گئے اجزائے ترکیبی کے ای کوڈزکو سرچ مینیو میں لکھیں اور فوری طور پر اس کا نتیجہ سامنے آ جائے گا جس سے اس بات کی تصدیق ہو جائے گی کہ یہ چیز حلال، حرام یا مشبوہ ہے۔

اس کے علاوہ یہ کتاب حلال ایجنسی کے دفتر واقع شاہین کمپلیکس سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی کے چیرمین جسٹس خلیل الرحمٰن خان نے کتاب کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا کھانا پینا، رہنا اور زندگی کے دیگر امور شریعت کے مطابق ہونے چاہئیں مگر آ ج کے جدید دورمیں عوام کو معلوم نہیں ہوتا کہ وہ جو چیز کھا رہے ہیں اس کے اجزائے ترکیبی حلال ہیں یا حرام لہذا اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے حلال ایجنسی نے ای کوڈز کے تجزیہ پر مشتمل کتا ب شائع کی ہے جو مختلف اشیا کے پروڈیوسرز اور عام صارف کے لئے نہایت مفید ثابت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :