امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا پی این سی اے میں نمائش ’’اوپن فیلڈ‘‘ کا افتتاح

ہفتہ 19 نومبر 2016 14:50

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا پی این سی اے میں نمائش ’’اوپن فیلڈ‘‘ کا افتتاح
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی ای) کے ڈائریکٹر جنرل سید جمال شاہ نے پی این سی اے میں پاکستان کے عصری فن پاروں کی ایک نمائش کا افتتاح کیا۔ تصویری نمائش میں جس کا موضوع ’’اوپن فیلڈ‘‘ تھا، پاکستان بھر سے 80 سے زیادہ نوجوان مصوروں کے فن پارے پیش کئے گئے ہیں۔

نمائش کے لئے امریکی سفارتخانہ نے مالی تعاون کیا تھا۔ امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے اس موقع پر اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی فنکاروں کی بھرپورتوانائی اور ان کی پاکستان کے تخلیقی ورثے کومحفوظ کرکے عصرِحاضر کے فنی اظہار کے نت نئے انداز میں پیش کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔نمائش جس کاانعقاد ’’کچھ خاص‘‘ سینٹر فار آرٹس ، کلچر اینڈ ڈائیلاگ نے کیا تھا، پی این سی اے میں دو ماہ تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

نمائش کے کیوریٹر عاصم اختر نے کہا کہ ’’اوپن فیلڈ‘‘میں نمائش کے لئے پیش کئے گئے فن پارے ان طریقوں کی نمائندگی کرتے ہیں، جن کے ذریعے فنکاروں نے مکمل طو رپر اپنی فنی دنیا کی روایات میں رہتے ہوئے نئے سوالات اٴْٹھانے اور نئے طریقوں کی تشکیل کے لئے راہیں ہموار کرنے کا آغاز کیا ہے۔ پاکستانی فنکاروں کی برادری کی بھرپور توانائی کی ایک علامت اس کی اپنے زبردست تخلیقی ورثے کو آج کے دور کے اظہار کے نئے طریقوں کو ایجاد کرتے ہوئے محفوظ بنانے کی صلاحیت ہے۔

امریکی سفارتخانہ پاکستانیوں اور امریکیوں کو ایک دوسرے کی فنی روایات سے متعارف کرانے سمیت پاکستان میں فنی پروگراموں کی فنڈنگ کے لئے ہر سال دس کروڑ روپے خرچ کرتا ہے۔ فنون لطیفہ مشغول رکھنے، تعلیم دینے اور ترغیب فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔