کراچی ایئرپورٹ حملہ ،ْدوسال بعدملزمان کی قبرکشائی کافیصلہ

ملزمان کی قبرکشائی 22 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں کی جائیگی

ہفتہ 19 نومبر 2016 14:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) دو سال قبل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر حملے میں ملوث ہلاک ملزمان کی قبرکشائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ْ ملزمان کی قبرکشائی 22 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں کی جائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق ملیر کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کی شناخت کے لیے پولیس کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی ،ْ4 ارکان پر مشتمل میڈیکل ٹیم قبرکشائی کرکے ملزمان کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے لے گی۔

دو سال قبل جون 2014 میں بھاری اسلحہ سے لیس 10 ملزمان نے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا تھا جس دوران سیکیورٹی اہلکاروں سمیت عام افراد بھی مارے گئے تھے، سیکیورٹی اہلکاروں نے 5 گھنٹے کی طویل آپریشن کے بعد ایئرپورٹ کو کلیئر کروایا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس سرجن نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو آگاہ کیا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے فورینسک میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر فرحت حسین مرزا کی سربراہی میں ملزمان کی قبرکشائی کیلئے میڈیکل بورڈ جوڑ دیا گیا ،ْمیڈیکل بورڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں 22 نومبر کو ملزمان کے ڈین این اے حاصل کرنے کیلئے قبرکشائی کریگا، ملزمان موچکو پولیس تھانے کی حدود میں ایدھی قبرستان میں دفن ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے دوران ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 25 افراد جاں بحق ہوئے ،ْحملے کے دوران ایئرپورٹ پر بھاری بارود استعمال کیا گیا تھا ،ْحملے میں ہتھیاروں کی فراہمی اور دیگر معاونت کرنے کے الزام میں 3 افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے حملوں میں ملوث کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے ملزمان اسحاق بوبی، الیاس بوبی اور محمد عاصم کیپری کو گرفتار کیا ہے ،ْ ملزمان معروف قوال امجد صابری سمیت ٹارگٹ کلنگ کے دیگر کئی واقعات میں بھی ملوث ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تمام ملزمان کو 7 پولیس اہلکاروں اور پولیو ورکرز پر حملے سمیت 3 مختلف مقدمات میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ،ْ اسحاق بوبی اور عاصم کیپری پہلے ہی غیر قانونی اسلحہ و بارود رکھنے سمیت دیگر مقدمات میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ہیں ۔پولیس کے مطابق اسحاق بوبی اور عاصم کیپری رواں برس اپریل میں اورنگی ٹائون میں قتل کیے گئے 7 پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت رواں برس مئی میں عائشہ منزل کے قریب ہلاک کیے گئے 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور گزشتہ برس زمان ٹائون میں تین افراد کے قتل کے واقعات میں بھی ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :