Live Updates

قوم پانامہ لیکس کے عدالتی فیصلے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

حکمران طاقت کے بل بوتے پر ثابت شدہ کرپشن پر مٹی ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘ رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 19 نومبر 2016 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پوری قوم پانامہ لیکس کے عدالتی فیصلے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے اور لوٹ مار کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے ، پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر تاریخ رقم کرے گی ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے طاقت کے بل بوتے پر پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف پراپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے لیکن یاد رکھا جائے اس طرح کے ہتھکنڈے اپنا کر احتساب کے کٹہرے میں آنے سے نہیں بچا جا سکتا ۔

انہوںنے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے لیکن طاقت کے بل بوتے پر اس پر مٹی ڈالنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں جو ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں اور وہ لوٹ مار کرنے والوںکو احتساب کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد کی وجہ سے عوام میں اپنے حقوق اورکرپشن کے خلاف شعور بیدا ہوا ہے اور انشا اللہ آنے والے انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات