نواں شہر پولیس سٹیشن میں لین دین کے تنازعہ پرنوجوان نے گولی مار کر خودکشی کر لی

جمعہ 18 نومبر 2016 17:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2016ء) نواں شہر پولیس سٹیشن میں لین دین کے تنازعہ پر جرگہ کے دوران نوجوان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ ڈی پی او ایبٹ آباد نے غفلت کے مرتکب تھانہ محرر سمیت تین پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد ارشد نامی نوجوان نے محمد حفیظ سے سوزوکی گاڑی خریدی، محمد ارشد نے حفیظ کو ایک لاکھ روپے نقد جبکہ پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا۔

(جاری ہے)

چیک مقررہ وقت تاریخ پر ڈس آنر ہوا جس پر محمد حفیظ تھانہ میں رپورٹ درج کروانے پہنچا۔ پولیس محمد ارشد کو تھانہ لے آئی، تھانہ میں جرگہ کے دوران محمد ارشد کو موبائل پر کال آئی جس کے بعد محمد ارشد نے 30 بور پستول سے فائر کر کے خودکشی کر لی۔ پولیس نے محمد حفیظ کو گرفتار کر کے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر لی۔ تھانہ میں نوجوان کی خودکشی کی اطلاع پر ڈی پی او نے تھانہ محرر وسیم، رائیڈر سفیر اور سنتری صغیر کو فرائض میں غفلت برتنے پر فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تھانہ نواں شہر میں نوجوان کی خودکشی کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :