آصف زرداری کے خلاف غداری مقدمے کے اندراج کی درخواست بحال

لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء کو 25نومبر کو دلائل کیلئے طلب کرلیا

جمعرات 17 نومبر 2016 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کی درخواست بحال کرتے ہوئے وکلا کو 25 نومبر کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے سردار آفتاب ورک کی متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نے سابق صدر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی تھی، درخواست گزار نجی مصروفیت کی وجہ سے کیس کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، لہذا خارج کردہ درخواست دوبارہ بحال کی جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے درخواست بحال کرتے ہوئے وکلا کو 25 نومبر کو دلائل کیلئے طلب کرلیا، آفتاب ورک ایڈووکیٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے، درخواست میں آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں نوازشریف، کیبنٹ ڈویڑن، وزارت قانون اور وزارت دفاع کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کے مطابق آصف علی زرداری نے کراچی میں چھ جون دوہزار پندرہ کو پاک فوج کے خلاف تقریر کی، آصف علی زرداری کی فوج کے خلاف تقریر غداری کے مترادف ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعاکی ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کا حکم دیا جائے اور سابق صدر آصف زرداری سے تمام مراعات واپس لینے کا حکم دیا جائے اور تقریر کے دوران موجود پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے۔

(بخت گیر)

متعلقہ عنوان :