امریکی قونصل جنرل نے سکھر میں یو ایس ایڈ کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے اسکول کا ..
تازہ ترین : 1

امریکی قونصل جنرل نے سکھر میں یو ایس ایڈ کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے اسکول کا افتتاح کر دیا

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 نومبر2016ء) کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے روہڑی میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے قائم ہونے والے اسکول کا افتتاح کیا۔ جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں بلدیاتی نمائندوں، مقامی عہدیداروں، طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں معیاری تعلم کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے ۔ آج مکمل ہونے والا یہ اسکول یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے اشتراک سے قائم ہونے والے 106 جدید اسکولوں میں سے ایک ہے۔ گریس شیلٹن نے کہا کہ ان اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا جدید اور معیاری تعلیم حاصل کر کے مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم جامہ مہتاب ڈہر نے کہا کہ صوبائی حکومت یو ایس ایڈ کی جانب سے سندھ کے نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون پر امریکی حکومت کی شکر گزار ہے ۔ جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ ان تمام کوششوں کی بدولت صوبہ سندھ میں تعلیم کا معیار بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تحت صوبہ سندھ کے 8 اضلاع میں 106 جدید اسکول قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ اس وقت 71 اسکولوں کی تعمیر کی جا رہی ہے ۔ منصوبے کے تحت پرائمری، مڈل اور سیسکنڈری اسکولوں میں طلبا کو اسکولوں میں واپس لانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
وقت اشاعت : 17/11/2016 - 22:07:31

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں