جنرل صاحب محمو داچکزئی آپکو پارلیمنٹ میں بیٹھا دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں، مشاہد حسین کا آرمی چیف سے مصافحہ کرتے ہوئے دلچسپ جملہ

اچکزئی صاحب آج بڑی خوشی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف بھی آئے ہوئے ہیں، مشاہد کا جنرل راحیل شریف سے ہاتھ ملانے کیلئے جانے کے دوران محمود اچکزئی سے سامنا اور دلچسپ جملے بازی میں نے آپ کو پہچان لیا ،فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد اظہا ریکجہتی کیلئے آپ کی قیادت میں پارلیمنٹ کا وفد ترکی آیا تھا ، آپ کا دورہ بہت مفید تھا ، ترک صدر کا پارلیمنٹ آمد پر مشاہدحسین سے مکالمہ

جمعرات 17 نومبر 2016 20:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین نے جب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سپیکرگیلری میں بیٹھے ہوئے دیکھا تو وہ اپنی نشست سے اٹھ کر ان سے ہاتھ ملانے کیلئے جانے لگے تو انکا آمنا سامنا پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ہوا تو مشاہد حسین نے اپنے مخصوص انداز میں مسکراتے ہوئے کہا کہ اچکزئی صاحب آج بڑی خوشی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف بھی آئے ہوئے ہیں۔

جب مشاہد حسین آرمی چیف کے پاس پہنچے اورا ن سے ہاتھ ملایا تو کہا کہ آج آپکو پارلیمنٹ مہمانوں کی گیلری میں بیٹھا دیکھ کر محمود اچکزئی بھی بہت خوش ہوئے ہیں جس پر آرمی چیف بھی مسکراتے رہے تاہم محمود اچکزئی نے اپنی نشست سے اٹھ کر آرمی چیف سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد ترک صدر ایوان میں پارلیمانی لیڈروں کو ملنے آئے تو انھوںنے مشاہد حسین سید کو کہاکہ میں نے آپ کو پہچان لیا ہے ۔

فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد اظہا ریکجہتی کیلئے آپ کی قیادت میں پارلیمنٹ کا وفد ترکی آیا تھا اور آپ کا دورہ بہت مفید تھا جس پر مشاہد حسین سید نے مسئلہ کشمیر پر ترکی کے جرات مندانہ موقف پر شکریہ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔