پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں

ترکی کی خاتون اوّل امینہ طیب رجب اردوان کا پاکستان ریڈکریسنٹ کے زیر اہتمام تقریب میں خطاب

جمعرات 17 نومبر 2016 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) ترکی کی خاتون اوّل محترمہ امینہ طیب رجب اردوان نے پاکستان ریڈکریسنٹ کے زیر اہتمام تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی دوستی انتہائی گہری اور مضبوط ہے، باہمی اشتراک پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔

دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت ، قدرتی آفات اور ایمرجنسی کی صورتحال میں ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کیا ہے، یہ دوستی روایتی نہیں بلکہ عملی ہے ،اِس دوستی کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ اِس موقع پر خاتونِ اوّل کی جانب سے معذور افراد میں 20الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ خاتونِ اوّل کی جانب سے پاکستان ریڈکریسنٹ کو 10انکوبیٹرز بھی فراہم کیے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی یکجان دو قالب ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی نے ہمیشہ پاکستان کو سپورٹ کیا ہے ، ہم اِس مثالی تعلقات اور تعاون کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اِس موقع پر خاتون ِ اوّل محترمہ امینہ طیب رجب اردوان کی آمد کو سراہتے ہوئے ترکش انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، ترک ریڈکریسنٹ کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اِس سے قبل سیکرٹری جنرل پاکستان ریڈکریسنٹ غلام محمد اعوان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ، انہوں نے پاکستان ریڈکریسنٹ کے اقدامات، ترک ریڈکریسنٹ کے ساتھ شراکت داری پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان ریڈکریسنٹ کی جانب سے ڈاکٹر سعید الٰہی نے خاتونِ اوّل محترمہ امینہ طیب رجب اردوان کو سونیئر پیش کیا۔ خاتونِ اوّل نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو پاکستان ریڈکریسنٹ شیلڈز دیں۔

متعلقہ عنوان :