اے این ایف کی5مختلف کارروائیاں، 6ارب روپے مالیت کی 6.29ٹن منشیات برآمد

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 6ملزمان گرفتار

جمعرات 17 نومبر 2016 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف حصوں میں کی گئیں 5مختلف کارروائیوں کے دوران 6ارب 90لاکھ روپے عالمی مالیت کی 6.29ٹن منشیات برآمد کر لیں ، جن میں 6.29ٹن چرس ، 1.8کلوگرام ہیروئن اور4.2کلوگرام آئس شامل ہے۔ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث6ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں دوخواتین بھی شامل ہیں۔

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کاروائی کے دوران ضلع کلہ عبداللہ سے 6.291 ٹن چرس برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق، یہ منشیات تحصیل گلستان کے علاقے کلی ڈولونگی کے مقام پر پہاڑی سلسلہ میں چھپائی گئی تھی۔ ضبط شدہ منشیات پلاسٹک کے 142تھیلوں میںبند کی گئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی جو بعد ازاں کسی نامعلوم مقام پر اسمگل کی جانی تھی۔

(جاری ہے)

اے این ایف راولپنڈی نے کاروائی کرتے ہوئے بس اسٹاپ ،شمس آباد، مری روڈ، راولپنڈی سے راولپنڈی کے رہائشی سید علی الیاس نامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 250 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اطلاعات کے مطابق ،ملزم بارانی زرعی یونیورسٹی،راولپنڈی کے طلباء وطالبات کو منشیات فراہم کرنے کے دھندے میں ملوث تھا۔اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ لاہورپرسری لنکا جانے والے،خاتون سمیت 2 مسافروںکو حراست میں لیکر ان کے سفری بیگ میں چھپائی گئی 200 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

اطلاعات کے مطابق ،محمد عظیم نامی ملزم اور اس کی بیوی رفعت سری لنکن ائیرلائن کی پرواز نمبر UL-186 سے سری لنکا روانہ ہورہے تھے۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے وزیر آباد روڈ، سیالکوٹ ،پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک کار کی تلاشی کے دوران کار میں سوار جہلم کے رہائشی علی اصغر نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی ایئرپورٹ ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر اے ایس ایف کے ساتھ کی گئی مشترکہ کاروائی کے دوران جدہ جانے والے مسافر ملک محمد اکرم اوراسکی خاتون ساتھی غلام فضاء نامی ملزمہ کو حراست میں لیکر ان کے سامان میں چھپائی گئی 4.2 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔ اطلاعات کے مطابق، دونوںملزمان کا تعلق ضلع سرگودھاسے ہے، اور یہ ملزمان پی آئی اے کی پرواز نمبر نمبر PK-731 سے جدہ کے لئے روانہ ہو رہے تھے۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اورمزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :