چکوال میں پناہ کے زیرانتظام کل دل کی بیماریوں بارے آگاہی سیمینار اور واک

جمعرات 17 نومبر 2016 20:06

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) پناہ کا 19 نومبر کو چکوال میں دل کی بیماریوں کے بارے میںآگاہی سیمینار اور واک کرانے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن(پناہ) کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے پیر کے روز میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) پچھلے 32 سال سے دل کی بیماریوں کے متعلق لوگوں کو آگاہی فراہم کر رہی ہے اور اسی سلسلہ میں19 نومبر بروز ہفتہ کو یونیورسٹی آف چکوال میں ایک سیمینار اور واک کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کی صدارت پناہ کی صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی کریں گے۔

اس سیمینار کا مقصد عوام کو دل کی بیماریوں کے بارے میں آگاہی مہیا کرنا ہے کہ دل کی بیماری جو پہلے نہ ہونے کے برابر تھی آج اس کی وجہ سے دُنیا میں ہر سال ڈیڑھ کروڑ انسان لقمہ اجل بن رہے ہیں اور پاکستان میں ہر 6 سی7 منٹ بعد ایک شخص اس بیماری کی وجہ سے دُنیا میں رخصت ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پہلے یہ بیماری امیروں اور بزرگوں کی سمجھی جاتی تھی آج زیادہ تر اموات 30 سے 50 سال کے درمیان ہو رہی ہیں اور یہ وہ عمر ہے جس میں کوئی بھی شخص اپنے گھر والوں ، ملک اور قوم کے لئے سب سے زیادہ مفید ہوتا ہے اور ان اموات کی وجہ سے بہت سے مالی، معاشی اور معاشرتی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

اس سیمینار میں سی پی آر کی تربیت بھی دی جائے گی اور سیمینار کے اختتام پر ایک واک کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری پناہ نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لئے پناہ نے ضلع چکوال کے صدر خواجہ بابر سلیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں چکوال سے تعلق رکھنے والے پناہ کے وائس پریذیڈنٹ سکاڈرن لیڈر (ر) غلام عباس، یونیورسٹی آف چکوال کے چیف ایگزیکٹو چوہدری ہمایوں اسلم، عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر، سیکرٹری فنانس پریس کلب عارف محمود شامل ہیں ۔