الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یواین ڈی پی کے اشتراک سے دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد

جمعرات 17 نومبر 2016 20:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یواین ڈی پی کے اشتراک سے دو روزہ ٹریننگ برائے پبلک ریلیشن آفیسرز اور ریجنل الیکشن کمشنرز کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی آر مسز ثریا جمال اور دیگر افسران نے بھرپور شرکت کی۔ میڈیا ٹریننگ کا افتتاح کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں سلطان بایزید صوبائی الیکشن کمشنر نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ میڈیا سے بہتر اور ذمہ دارانہ انداز میں روابط قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اس ٹریننگ کا انعقاد کیا جارہا ہے انہوں نے اس موقع پر حاضر افسران کو ہدایت دی کہ اس ٹریننگ سے بھرپور انداز میں مستفید ہوکر اپنی اپنی صلاحیتوں کو بڑھائیں تاکہ میڈیا سے صحیح اور بہتر روابط قائم ہوسکے اور ادارے کے درست امیج کو برقرار رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی آر مسز ثریا جمال نے کہا کہ اس ٹریننگ کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آفیسروں کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے تاکہ میڈیا کے ذریعے ادارے کے کاموں کو عوام تک پہنچایا جاسکے اور ادارے کے حوالے سے عوام کے تاثرات کو ادارے تک پہنچایا جاسکے اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ ہم اپنی خامیوں کی نشاندہی کرپائیں گے اور انہیں الیکشن 2018ء تک دور کرسکیں گے۔ انہوں نے تمام افسران کی شرکت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام افسران کام کو زیادہ بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں گے۔