بے موسمی سبزیات کی کاشت کو فروغ دے کرفی ایکڑ پیداوار بلکہ آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے ، محکمہ زراعت

جمعرات 17 نومبر 2016 18:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان ریسرچ انفارمیشن یونٹ نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بے موسمی سبزیات کی کاشت کو فروغ دے کر نہ صرف اپنی فی ایکڑ پیداوار بلکہ آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ بے موسمی سبزیوں کی کاشت کے لیے کاشتکاروں کو ٹنل ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔

ٹنل میں ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ ، کھیرا اور کریلہ جیسی سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ہائبرڈ اقسام کی کاشت سے سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے جس سے کاشتکار اور ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔ ٹنل کو شدید سردی کے موسم میں پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے۔

اس لیے شدید سردی اور کورے کے باوجود ٹنل کے اندر پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے۔ ٹنل کاشت سے نہ صرف اگیتی سبزیوں کا حصول ممکن ہے بلکہ ٹنل میں کاشت کردہ سبزیات کی فی ایکڑ پیداوار بھی عام فصل سے زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے سبزیات کی نہ صرف دستیابی کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے بلکہ روزگار اور کاشتکار کی آمدن میں بھی اضافہ ممکن ہوجاتا ہے ۔