باکسنگ کے عروج کیلئے ملک بھر میں اکیڈمیاں بنانا ہونگی ، ضیغم مثیل

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 17 نومبر 2016 17:46

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پر یس ایجنسی۔ 17 نومبر ۔2016ء ) سارک گیمز میں تین مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی باکسر ضیغم مثیل نے کہا ہے کہ باکسنگ کے کھیل کوعروج دینے کیلئے کراچی کے معروف علاقے لیاری سمیت ملک بھر میں جدید طرز کی باکسنگ اکیڈمیاں بنانا ہونگی ۔ باکسنگ کا کھیل تسلسل کے ساتھ سخت محنت اور تربیت کا تقاضہ کرتا ہے اس کھیل میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچانے کیلئے باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا، اس کیلئے ملک بھر میں سپورٹس جمنیزیم جبکہ سکول ،کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر اکیڈمیاں بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے سبب زنگ آلود ہورہا ہے لہذا اگر حکومت کھیل کے میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند دیکھنا چاہتی ہے تو پھر اسے بنیادی انفریسٹریکچر کی بحالی کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ،نوجوان کھلاڑیوں کو پروفیشنل کوچز کی زیرنگرانی جدید معیار کی سہولیات فراہم کرکے گروم کرنا ہوگااور کھلاڑیوں کو فکرمعاش سے آزاد کرنے کیلئے مختلف اداروں میں مستقل نوکریاں فراہم کرنا ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کھیلوں کے شعبے سے سیاست ، اقراباپروری اور میرٹ کے قتل عام جیسی قباحتوں کو ختم کرکے کھلاڑیوں کی سلیکشن صرف میرٹ پر کرنے کی روایت کو فروغ دینا ہوگا۔