مخصوص نشستوں پر انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی حکومتی پالیسیوں کا ثمر ہے، بیگم شاہدہ قدیر

جمعرات 17 نومبر 2016 18:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ مخصوص نشستوں پر انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی حکومتی پالیسیوں کا ثمر اور عوام کا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر اعتماد کامظہر ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میںانہوں نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخاب میں خواتین اور خصوصی نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کامیابی سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ دھرناجیسی سازشیں عوام کے دلوں سے وزیراعظم نوازشریف کی محبت کم نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی ،اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ(ن) کا مضبوط قلعہ ہے اور یہاںکے باسی پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ہراوٌل دستہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کی آواز پر لبیک کہا۔

(جاری ہے)

بیگم شاہدہ قدیر نے مزید کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کے برسراقتدار آتے ہی ان کاوژن تھا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانا ہے اور اس ویژن پر کام تیزی سے جاری ہے، وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اورترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا،پاکستان گوادر پورٹ پر تجارت کے آغاز سے ملک ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میںشامل ہوچکا ہے، پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ پاکستانی عوام نوازشریف کو ہی اپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے خلوص نیت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جوبھی پروجیکٹس شروع کئے ہیں وہ مکمل ہورہے ہیں اور باقی رہ جانے والے 2018ء تک مکمل ہوجائیں گے۔بیگم شاہدہ قدیر نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور2018ء کے الیکشن میں ایک بارپھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔